کشمیریوں کی آزادی کے لئے عظیم قربانیاں بے مثال ہیں، سردار عتیق
15 Sep 2024 10:42
اپنے ایک بیان میں مسلم کانفرنس کے صدر کا کہنا ہے کہ بھارتی ظلم و جبر کا شکار مظلوم کشمیری طویل عرصہ سے اپنے حق خودرادیت کے لیے عالمی برداری کی طرف دیکھ رہے ہیں۔
اسلام ٹائمز۔ آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے صدر و سابق وزیراعظم سردار عتیق احمدخان کشمیریوں کی آزادی کے حصول کے لئے جاری لازوال جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں۔ خواتین، مرد، بچوں سمیت کشمیریوں کی آزادی کے لئے عظیم قربانیاں بے مثال ہیں۔ گزشتہ 75سال سے بھارتی فوج کشمیریوں پر ظلم و بربریت جاری رکھے ہوئے ہے۔ ہندوستان کے ظلم و جبر کے باوجود مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کے حصول کیلئے بہادری سے اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقوام عالم کو مقبوضہ کشمیر کے کشمیریوں پر بھارتی مظالم کا نوٹس لینا چاہیے، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حق خودارادیت ملنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی ظلم و جبر کا شکار مظلوم کشمیری طویل عرصہ سے اپنے حق خودرادیت کے لیے عالمی برداری کی طرف دیکھ رہے ہیں، انتہا پسند مودی سرکار کے مقبوضہ کشمیر میں عوامی قوانین کے مغائر اقدامات پوری دنیا کے امن کے لیے خطرہ ہیں، پوری وادی جیل میں تبدیل ہو چکی ہے، دنیا بھارتی بربریت کا فوری نوٹس لے، آزادی سے جینا ہر انسان کا حق ہے لیکن کشمیریوں پر مظالم پر پوری دنیا خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہی ہے جو قابل مذمت ہے، آزادی کشمیریوں کا مقدر ہے جس کو کوئی نہیں روک سکتا۔ مسئلہ کشمیر کا واحد حل اقوام متحدہ کی قراردادیں ہیں اور حق خودارادیت بنیادی حق ہے جو مل کر رہے گا۔ حکومت آزاد کشمیر کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے، کشمیری عوام اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اپنے حق خودارادیت کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ: 1160103