QR CodeQR Code

غزہ میں صیہونی شہرک‌سازی کی کوششیں، فلسطینی خودمختار اتھارٹی کا شدید احتجاج

14 Sep 2024 06:44

خودمختار اتھارٹی کے مطابق غزہ میں قابض فوج کا یہ اقدام ایک ایسے وقت میں کیا جا رہا ہے جب اسرائیل کے دائیں بازو کے انتہا پسند مغربی کنارے کو مکمل طور پر قابو میں کرنے اور فلسطینی قوم کی آخری تباہی کے لیے ہر ممکن ہتھیار استعمال کر رہے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ فلسطینی خودمختار اتھارٹی کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں غزہ کے شمالی علاقے کی تخلیہ اور اسے صیہونیوں کے لیے بستیوں کی تعمیر کے مقصد سے قبضے میں لینے کے حوالے سے خبردار کیا ہے۔ فارس نیوز کے مطابق آج (ہفتہ) جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی قابض فوج غزہ کے شمالی علاقے کو یہودی بستیوں کی تعمیر کے مقصد سے خالی کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کی یہ قابضانہ کارروائی مزید فلسطینیوں کو بے گھر کرنے اور غزہ میں آبادی کا ہجوم بڑھانے کا باعث بنے گی۔

خودمختار اتھارٹی نے مزید کہا کہ قابض فوج غزہ کو تین الگ الگ حصوں میں تقسیم کرنا چاہتی ہے تاکہ ہر حصہ ایک دوسرے سے جدا ہو، جیسا کہ مغربی کنارے میں ہوتا ہے جہاں تمام شہروں اور دیہاتوں کے درمیان متعدد صیہونی بستیوں کو آباد کیا گیا ہے۔ خودمختار اتھارٹی کے مطابق غزہ میں قابض فوج کا یہ اقدام ایک ایسے وقت میں کیا جا رہا ہے جب اسرائیل کے دائیں بازو کے انتہا پسند مغربی کنارے کو مکمل طور پر قابو میں کرنے اور فلسطینی قوم کی آخری تباہی کے لیے ہر ممکن ہتھیار استعمال کر رہے ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کے وزیر داخلہ "ایتمار بن گویر" اور وزیر خزانہ "بزالل اسموتریچ" کھلم کھلا فلسطین کے مکمل خاتمے کا نعرہ لگا رہے ہیں، جبکہ عالمی برادری غزہ میں فلسطینی عوام کی نسل کشی کو روکنے میں ناکام رہی ہے۔


خبر کا کوڈ: 1160004

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1160004/غزہ-میں-صیہونی-شہرک-سازی-کی-کوششیں-فلسطینی-خودمختار-اتھارٹی-کا-شدید-احتجاج

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com