QR CodeQR Code

بھارت کشمیری خواتین کی آبروزیری کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے، مقررین

14 Sep 2024 11:41

سیمینار کے مقررین نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں انسانیت کے خلاف جاری بھارتی جرائم کا نوٹس لے اور متاثرین کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائے۔


اسلام ٹائمز۔ جنیوا میں منعقدہ ایک سیمینار کے مقررین نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی کیوجہ سے خواتین پر اس کے شدید اثرات پر روشنی ڈالی۔ ذرائع کے مطابق ”تنازعات میں خواتین“ کے عنوان سے سیمینار کا انعقاد انٹرنیشنل مسلم ویمن یونین نے کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل ریلیشنز (کے آئی آئی آر)، احرام اور دیگر تنظیموں کے اشتراک سے کیا تھا۔ سیمینار میں انسانی حقوق کے کارکنوں، ماہرین تعلیم اور بین الاقوامی قانون کے ماہرین شریک تھے، جن میں شمیم شال، کیرولین ہینڈسچن مسیر، بیرسٹر مارگریٹ اوون، وینڈی مومن، زرین ہینس ورتھ، سیٹلا ہیرس، ہادیہ سرتاج، نائلہ الطاف کنیانی اور دیگر شامل ہیں۔ مقررین نے کشمیری خواتین کی خالت زار بیان کی جنہیں شدید مصائب و مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ بھارتی فورسز کی جانب سے کشمیری خواتین پر جاری تشدد اور ناروا سلوک کے سلسلے کو ختم کرانے کیلئے فوری اقدامات کریں۔ مقررین نے مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے کشمیری خواتین کی بے حرمتی کے کئی بہیمانہ واقعات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مجرم بھارتی فوجی برسہا برس گزرنے کے باوجود کھلے عام گھوم رہے ہیں اور متاثرہ خواتین انصاف سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ علاقے میں خواتین کی آبروریزی کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔ انہوں نے وحشیانہ اور جابرانہ اقدامات کے ذریعے کشمیری عوام کی حق خودارادیت کی جدوجہد کو دبانے کی بھارتی حکومت کی کوششوں کی مذمت کی۔ سیمینار کے مقررین نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں انسانیت کے خلاف جاری بھارتی جرائم کا نوٹس لے اور متاثرین کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائے۔


خبر کا کوڈ: 1159890

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1159890/بھارت-کشمیری-خواتین-کی-آبروزیری-کو-جنگی-ہتھیار-کے-طور-پر-استعمال-کر-رہا-ہے-مقررین

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com