غریب غریب تر ہوتا جارہا ہے جبکہ متوسط طبقہ کیلئے اپنی سفید پوشی کا بھرم رکھنا محال ہوگیا، حامد سعید کاظمی
13 Sep 2024 22:10
ملتان میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیرکا کہنا تھا کہ فلاحی کاموں کے ساتھ ساتھ ہمیں عصمت نبوت اور ناموس رسالت کیلئے بھی پہرہ داری کرنا ہوگی، حضور (ص) کی ختم نبوت قرآن وحدیث سے ثابت اور طے شدہ مسئلہ ہے، لیکن کچھ لوگ ختم نبوت کے معاملے کو خوامخواہ الجھا کر اپنے مسلمان نہ ہونے کے اظہار کے ساتھ ساتھ مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کررہے ہیں۔
اسلام ٹائمز۔ مرکزی ناظم اعلیٰ تنظیم السعید پاکستان سابق وفاقی وزیر علامہ صاحبزادہ سید حامد سعید کاظمی نے کہا ہے کہ بیروزگاری اور اس پر مستزاد مہنگائی نے عوام کے بھرکس نکال دئیے ہیں، غریب غریب تر ہوتا جارہا ہے جبکہ متوسط طبقہ کیلئے اپنی سفید پوشی کا بھرم رکھنا محال ہوگیا ہے، بجلی کے بلوں میں روزانہ کی بنیاد پر اضافے نے عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے، ایسے حالات میں مالدار اہل خیر افراد کو زندگی کی بنیادی سہولیات سے محروم لوگوں کی بڑھ چڑھ کر خدمت کرنی چاہئیے، دکھی اور مجبور انسانیت کی خدمت سے جو دلی سکون ملتا ہے اس کا اندازہ وہی کرسکتا ہے جو دست سخا رکھتا ہے اور وہی اللہ تعالی کے ہاں اجرو ثواب کا مستحق قرار پاتا ہے، ہم اپنی بساط کے مطابق تنظیم السعید پاکستان کے پلیٹ فارم سے دکھی انسانیت کی خدمت کرتے رہیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تنظیم السعید ضلع وسٹی ملتان کے عہدیداروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
صاحبزادہ سید حامد سعید کاظمی نے مزید کہا کہ فلاحی کاموں کے ساتھ ساتھ ہمیں عصمت نبوت اور ناموس رسالت کیلئے بھی پہرہ داری کرنا ہوگی، حضور (ص) کی ختم نبوت قرآن وحدیث سے ثابت اور طے شدہ مسئلہ ہے لیکن کچھ لوگ ختم نبوت کے معاملے کو خوامخواہ الجھا کر اپنے مسلمان نہ ہونے کے اظہار کے ساتھ ساتھ مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کررہے ہیں، ہمیں اس فتنہ کی ہر سطح پر سرکوبی کیلئے مستعد رہنا چاہئیے، اس موقع پر تنظیم السعید صوبہ پنجاب کے صدر صاحبزادہ سید احمد سعید کاظمی، مرکزی رابطہ سیکرٹری احمد اقبال سعیدی ودیگر موجود تھے۔
خبر کا کوڈ: 1159808