فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی حمایت کرنا حسینیت کا تقاضا ہے، علامہ مقصود ڈومکی
13 Sep 2024 21:39
تحصیل لکھی غلام شاہ میں منعقدہ مجلس عزاء سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ کربلا معلی میں کروڑوں انسانوں کا اجتماع عصر حاضر کی یزیدیت کیلئے خوف کی علامت ہے۔
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ آل رسول کی بے مثال قربانیوں کے باعث آج دین اسلام اور قران کریم کی تعلیمات زندہ اور تابندہ ہیں۔ یزیدیت کے مقابلے میں حسینیت حقیقی اسلام کی روح ہے، جو ہر دور کے ظالم اور باطل کے مقابلے میں حق اور صداقت کی آواز ہے۔ اسرائیل ظالم کے مقابلے میں فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی حمایت کرنا حسینیت کا تقاضا ہے۔ ظلم پر خاموش رہنا اور ظالم کے مقابلے میں خاموشی اختیار کرنا سنگین جرم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سادات کرام کی شام کی قید کے بعد مدینہ منورہ واپسی کی یاد میں چک تحصیل لکھی غلام شاہ میں 71واں سالانہ قافلہ سادات اسیرانِ اہل بیت کے موقع پر منعقدہ مجلس عزاء کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جلوس عزاء اور مجلس عزاء کے سالانہ اجتماع کے موقع پر مجلس وحدت مسلمین ضلع شکارپور کے ضلعی صدر برادر اصغر علی سیٹھار اراکین ضلعی کابینہ اور چک کے تنظیمی رہنما گلشیر احمد سیٹھار بھی موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ دین اسلام کی درست تشریح کے لئے ہمیں ولایت فقیہ اور نظام مرجعیت کی رہنمائی میں اگے بڑھنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کربلا معلی میں کروڑوں انسانوں کا اجتماع عصر حاضر کی یزیدیت کے لئے خوف کی علامت ہے۔ جبکہ پوری دنیا کے ہر رنگ اور نسل سے تعلق رکھنے والے حسینی کربلا پہنچ کر امام عصر علیہ السلام کے ساتھ تجدید عہد اور تجدید بیعت کرتے ہیں۔ نجف سے کربلا مشی اور عالمی اجتماع کے موقع پر صبر، برداشت، خدمت، عاجزی، انکساری، ایثار، قربانی اور مظلوم کی حمایت کا اعلیٰ نمونہ پیش کیا جاتا ہے۔ اس سال مظلوم فلسطین سے سینکڑوں علماء اور وارثان شہداء کی کربلا پہنچ کر مشی میں شرکت اور روضہ حضرت امام حسین علیہ السلام پر حاضری مظلوم کی حمایت کی بہترین مثال ہے اور اس بات کا اظہار ہے کہ کربلا اج بھی عالم انسانیت کے مظلوموں کی پناہ گاہ ہے۔
خبر کا کوڈ: 1159807