مستونگ، لیویز اور مظاہرین میں جھڑپ، دو اہلکار جانبحق، ایس ایچ او سمیت تین زخمی
13 Sep 2024 21:28
درینگڑھ میں ایک شخص کی گرفتاری کیخلاف احتجاج کرنیوالے مظاہرین اور لیویز اہلکاروں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ جس میں دو افراد جانبحق، تین زخمی ہوگئے۔
اسلام ٹائمز۔ بلوچستان کے ضلع مستونگ میں مظاہرین اور لیویز اہلکاروں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں دو لیویز اہلکار جانبحق اور ایس ایچ او سمیت تین افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مستونگ کے علاقے درینگڑھ میں لیویز اہلکاروں نے ایک شخص کو گرفتار کیا تھا۔ جس کے ساتھیوں اور لواحقین نے احتجاج کرتے ہوئے سڑک بند کی۔ لیویز کے اہلکار مظاہرین کو منشتر کرنے کے لئے گئے تو دونوں جانب سے فائرنگ ہوئی۔ فائرنگ کے تبادلے میں دو لیویز اہلکاروں سمیت تین افراد جان بحق ہوچکے ہیں۔ زخمیوں اور لاشوں کو شہید نواب غوث بخش رئیسانی میموریل ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ ذرائع کے مطابق 2 اہلکار ممتاز احمد ولد االلہ بخش اور بابو مزار خان ولد محمد بخش جاں بحق ہو گئے ہیں۔ دوسری جانب ایس ایچ او درینگڑھ ایاز احمد سمیت اہلکار محمد نعیم ولد عبدالعلیم اور حبیب اللہ ولد سرفراز شدید زخمی ہیں۔
خبر کا کوڈ: 1159805