QR CodeQR Code

افغانستان پر علی امین گنڈا پور کے مؤقف کی حمایت کرتا ہوں، عمران خان

13 Sep 2024 20:45

بانیٔ پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ دہشتگردی کو کنٹرول نہ کیا گیا تو ملکی معیشت چوک ہو جائے گی، جب تک افغانستان سے تعلقات درست نہیں کرینگے، دہشتگردی میں پھنسے رہیں گے، سب سے کم دہشتگردی پی ٹی آئی کے دور میں ہوئی۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریکِ انصاف کے بانی رہنماء نے وزیرِاعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے افغانستان سے براہِ راست مذاکرات سے متعلق بیان کی حمایت کر دی۔ بانیٔ پی ٹی آئی نے راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا ہے کہ افغانستان پر علی امین گنڈا پور کے مؤقف کی حمایت کرتا ہوں، وہ بالکل ٹھیک کہہ رہے ہیں، انہیں علی امین کے پاؤں پکڑنے چاہئیں کہ خدا کے واسطے جا کر افغانستان سے بات کرو، بات چیت کے بغیر دہشت گردی ختم نہیں ہوسکتی۔ بانیٔ پی ٹی آئی سے سوال پوچھا گیا کہ وفاقی حکومت اور دفترِ خارجہ کے ہوتے ہوئے صوبائی حکومت کیسے دوسرے ملک سے براہِ راست بات کرسکتی ہے۔؟ اس کے جواب میں بانیٔ پی ٹی آئی نے کہا کہ دفترِ خارجہ کو چھوڑو خیبر پختونخوا دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثر ہے، بلاول جب وزیرِ خارجہ تھے تو وہ افغانستان تک نہیں گئے، خیبر پختونخوا میں پولیس کے کتنے لوگ شہید ہوچکے ہیں۔؟

انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکار بغاوت پر اترے ہوئے ہیں، ہر جگہ پولیس احتجاج کر رہی ہے، 24 سال سے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں، ملک میں دہشت گردی کا خاتمہ پہلی ترجیح ہونا چاہیئے۔ بانیٔ پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کو کنٹرول نہ کیا گیا تو ملکی معیشت چوک ہو جائے گی، جب تک افغانستان سے تعلقات درست نہیں کریں گے، دہشت گردی میں پھنسے رہیں گے، سب سے کم دہشت گردی پی ٹی آئی کے دور میں ہوئی، اگر کوئی دہشت گردی ختم کرنے کی کوشش کر رہا ہے تو اس سے تعاون کریں۔ انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ علی امین گنڈا پور ملک کے فائدے کی بات کر رہے ہیں، خدانخواستہ ملک کے خلاف نہیں، خیبر پختونخواہ میں ایک ہزار پولیس اہلکار شہید ہوچکے، وفاق خود کہہ رہا ہے کہ کراس بارڈر دہشت گردی ہے تو وفاق نے پھر اب تک کیا کیا؟ علی امین گنڈا پور نے جانے کی بات کی ہے، انہوں نے یہ نہیں کہا کہ جا رہا ہوں، نہ کوئی ٹائم فکس کیا ہے، وزیرِاعلیٰ کے پی نے کون سی غلط بات کر دی۔؟


خبر کا کوڈ: 1159791

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1159791/افغانستان-پر-علی-امین-گنڈا-پور-کے-مؤقف-کی-حمایت-کرتا-ہوں-عمران-خان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com