جعلی حکومت دہشتگردی ختم نہیں کر سکتی تو بارڈر کا انتظام خیبر پختونخوا حکومت کے حوالے کرے، بیرسٹر سیف
13 Sep 2024 19:50
فیصل کریم کنڈی اور وزیر دفاع خواجہ آصف کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے مشیر اطلاعات کے پی نے کہا کہ جس پارلیمنٹ سے خواجہ آصف، علی امین گنڈاپور کے خلاف بیان دے رہے ہیں، پہلے اس کی عزت تو بحال کریں۔
اسلام ٹائمز۔ مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ کراس بارڈر دہشت گردی وفاقی مسئلہ ہے، جس کے حل میں وہ بری طرح ناکام ہو چکی ہے۔ گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی اور وزیر دفاع خواجہ آصف کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے بیرسٹر سیف نے کہا کہ جس پارلیمنٹ سے خواجہ آصف، علی امین گنڈاپور کے خلاف بیان دے رہے ہیں، پہلے اس کی عزت تو بحال کریں۔ فیڈریشن پر حملہ علی امین گنڈاپور نے نہیں کیا بلکہ حملہ 10 ستمبر کو ہوا تھا۔ بیرسٹر سیف نے کہا کہ وزیر دفاع بارڈر کی حفاظت کرتے تو علی امین گنڈاپور کو خود افغانستان سے بات چیت کی ضرورت نہ پڑتی۔ انہوں نے کہا کہ خواجہ زہریلا ہر وقت زہر اگل رہا ہے۔ وہ خود بھی کچھ نہیں کرسکتے اور دوسروں کو بھی نہیں کرنے دیتے۔ کراس بارڈر دہشت گردی وفاقی مسئلہ ہے جس میں وہ بری طرح ناکام ہے۔
انہوں نے کہا کہ جعلی حکومت مسئلہ حل نہیں کر سکتی تو بارڈر کا انتظام وانصرام خیبر پختونخوا حکومت کے حوالے کردیں۔ جعلی حکومت نے ملک کو انتہائی نازک صورتحال میں دھکیلا ہے۔ گورنر اور وزیراعظم ٹیلی فون کال پر ڈرامے بازیاں بند کریں، ملک کی بگڑتی صورتحال کی ذمے دار براہ راست جعلی وفاقی حکومت ہے۔ مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ جعلی حکومت سے ملک نہیں سنبھل رہا، گورنر نہ تین میں ہے اور نہ تیرہ میں، صرف صرف بیان بازی کررہے ہیں۔ گورنر اپنے منصب کیخلاف کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ اپنے کرتوتوں کیوجہ سے یہ گورنر کے عہدے کے لیے نااہل ہوچکے ہیں۔ گورنر اور خواجہ زہریلا اپنے ذاتی بغض کا اظہار سرکاری حیثیت میں کررہے ہیں۔ گورنر اور وزیراعظم عملی اقدامات پر توجہ دیں، ڈرامے بازیاں بند کریں۔
خبر کا کوڈ: 1159775