کوئٹہ، 12 رب الاول کے جلوس کے حوالے سے انتظامیہ کا اجلاس
13 Sep 2024 17:00
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) کوئٹہ نے جلوسوں کے تمام روٹس اور اسکی سیکیورٹی کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بارہ ربیع الاول کے جلوس کے دوران دو ہزار پولیس اہکار اور ایک ہزار ایف سی اہلکار سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے۔
اسلام ٹائمز۔ ڈپٹی کمشنر کوئٹہ لیفٹیننٹ (ر) سعد بن اسد کی زیر صدارت بارہ ربیع اول کے سلسلے میں بین المسالک اتحاد و ہم آہنگی کے حوالے سے اہلسنت اور اہل تشیع علماء کرام اور شیعہ کانفرنس کا مشترکہ اجلاس صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) کوئٹہ محمد انور کاکڑ، ایس پی سیکیورٹی نعیم اچکزئی، پاکستان سنی تحریک بلوچستان، شیعہ کانفرنس کے نمائندوں، تنظیم اصلاح جامعہ اسلامیہ، رویت ہلال کمیٹی اور انجمن تاجران کے اراکین نے شرکت کی۔ اجلاس میں تمام مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے علماء کرام نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ علماء کرام نے 12 ربیع اول کے جلوسوں کے حوالے سے تجاویز بھی پیش کیے۔ اس موقع پر ساتھ فوکل فرسن برائے 12 ربیع اول نے انتظامات اور درپیش مسائل کے حل کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جلوسوں کے دوران صفائی سھترائی کا خیال رکھا جائے۔ خاص کر قمبرانی روڈ، بشیر چوک، برما ہوٹل، مسجد روڈ، آرچر روڈ، پیر ابولخیر روڈ اور گردنواح میں روٹس ہے، ان جگہوں میں صفائی کے انتظامات کئے جائیں۔ اس دوران شیعہ کانفرنس کے نمائندے نے کہا کہ یوم ولادت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہم سب کے لئے امن، خوشی اور بھائی چارے کا پیغام لے کر آرہی ہے۔ ہم سب نے ملکر اس دن امن، اتحاد اور بھائی چارے میں فضاء کو برقرار رکھنے کے لئے کردار ادا کرنا چاہئے۔ شیعہ کانفرنس کے تمام نمائندے ورکرز اس دن مجالس کی نگرانی اور ہر ممکن تعاون کریں گے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) کوئٹہ نے جلوسوں کے تمام روٹس اور اسکی سیکیورٹی کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بارہ ربیع الاول کے جلوس کے دوران دو ہزار پولیس اہکار اور ایک ہزار ایف سی اہلکار سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے۔ ایس پی سیکیورٹی نے جلوسوں کے روٹس کا سیکیورٹی پلان پیش کیا۔ آخر میں تمام علماء کرام نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے ہر مذہبی تہوار کے موقع پر بھرپور تعاون کیا ہے اور پچھلے ایک سال سے تمام مذہبی تہوار امن اور خوشحالی سے گزر چکے ہیں۔ کسی بھی چیز کی کمی نہیں رہی ہے۔ جس پر ضلعی انتظامیہ کو داد دیتے ہیں۔ آخر میں ڈپٹی کمشنر کوئٹہ لیفٹیننٹ (ر) سعد بن اسد نے تمام علماء کرام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ان مجالس میں علماء کرام کا کردار بہت اہم ہے۔ علماء کرام اور ضلعی انتظامیہ مل کر 12 ربیع الاول کے مجالس کو امن اور بھائی چارے کے ساتھ اختتام پذیر کریں گے۔ اس دوران ڈی سی آفس میں کنٹرول روم قائم کر دیا ہے۔ جس کو بھی شکایت ہو وہ کنٹرول روم میں رابطہ کرے۔ جس میں تمام متعلقہ محکموں کے نمائندگان ڈیوٹیاں سرانجام دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں بین المذاہب اور بین المسالک کانفرنس کے ذریعے افہام و تفہیم اور رواداری کو فروغ دینا چاہئے۔ تمام شہری اور مختلف مسالک کے پیروکار امن، اتحاد بھائی چارے اور ہم آہنگی کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں۔
خبر کا کوڈ: 1159739