QR CodeQR Code

مولانا کلیم صدیقی، مولانا عمر گوتم سمیت دیگر افراد کو سزا دینا تشویشناک ہے، سعادت اللہ حسینی

13 Sep 2024 17:02

جماعت اسلامی ہند کے امیر نے کہا کہ ہم ملک کے انصاف پسند لوگوں، تنظیموں اور سیاسی جماعتوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اسطرح کی ناانصافیوں کے خلاف آواز بلند کریں۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی ہند کے امیر سید سعادت اللہ حسینی نے میڈیا کو جاری اپنے ایک بیان میں این آئی اے و اے ٹی ایس عدالت کے حالیہ فیصلے پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مولانا کلیم صدیقی، مولانا عمر گوتم اور دیگر 12 افراد کو جبراً مذہب تبدیل کرانے کے معاملے میں نچلی عدالت کی جانب سے قصوروار قرار دینا سخت تشویش کا باعث ہے۔ انہیں تعزیرات ہند کی دفعات 417، 120 بی، 153 اے، 153 بی، 195 اے، 121 اے، 123 اور غیر قانونی مذہب تبدیلی ایکٹ (سیکشن 3،4 اور 5) کے تحت قصوروار ٹھہرایا گیا اور عمر قید کی سزا سنائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ عدالت کی جانب سے وضع کردہ ان سنگین الزامات سے اتفاق ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان جیسے جمہوری ملک میں کوئی کسی کو مذہب تبدیل کرنے پر کیسے مجبور کرسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام کی تعلیمات میں بھی مذہب کی تبدیلی کے لئے جبر قطعاً ممنوع ہے، ہر فرد کو اپنی پسند کا مذہب اختیار کرنے، اس پر عمل کرنے اور اس کی تبلیغ کرنے کا حق ہمارے آئین نے دیا ہے۔ کوئی اتھارٹی کسی شہری کو اس کے اس حق سے محروم نہیں کرسکتی۔ انہوں نے کہا کہ ان پر دہشتگردی، مجرمانہ سازش، فرقہ وارانہ عداوت کو فروغ دینا اور ریاست کے خلاف جرائم کی سازش جیسے سنگین الزمات نہ صرف بے بنیاد ہیں بلکہ ایک بڑی خطرناک نظیر قائم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے الزامات سے عدل و انصاف اور جمہوری قدروں کے ان اصولوں کو نقصان پہنچتا ہے جن کی ضمانت ہمارے آئین میں دی گئی ہے۔ سید سعادت اللہ حسینی نے کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ یہ پورا کیس اُن اقلیتی برادریوں کو ایک خاص طرح کا پیغام دینے کے لئے تیار کیا گیا ہے جو بغیر کسی ڈر یا دباؤ کے آئین میں دی گئی مذہب پر عمل اور اس کی تبلیغ کے حق کا بغیر کسی خوف اور جبر کے استعمال کرتے ہیں۔

جماعت اسلامی ہند کے امیر سید سعادت اللہ حسینی نے کہا کہ جس طرح سے مولانا صدیقی اور مولانا گوتم کو گرفتار کیا گیا اور انہیں پھنسایا گیا اور اس کے ساتھ جس طرح میڈیا کے بعض حلقوں میں اس کو لے کر سنسنی پیدا کرنے کی کوشش کی جاتی رہی، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان سب کا مقصد سیاسی فائدہ حاصل کرنے کے لئے خوف و ہراس اور نفرت کا ماحول پیدا کرنا اور عوام کے جذبات کا استحصال کرکے سیاسی فائدہ اٹھانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مقدمے نے مذہب پر عمل اور اس کی تبلیغ کے بنیادی حق پر مہیب سایہ ڈالتے ہوئے ایک بڑی خطرناک نظیر قائم کی ہے۔ اس طرح عوام کے حقیقی مسائل سے توجہ ہٹا کر انہیں فرقہ وارانہ اور جذباتی مسائل میں الجھانے کی کوشش سخت قابل اعتراض ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ملک کے انصاف پسند لوگوں، تنظیموں اور سیاسی جماعتوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس طرح کی ناانصافیوں کے خلاف آواز بلند کریں اور امید کرتے ہیں کہ اس سزا کی برخاستگی کے لئے مقدمہ اعلیٰ عدالتوں میں جائے گا۔


خبر کا کوڈ: 1159718

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1159718/مولانا-کلیم-صدیقی-عمر-گوتم-سمیت-دیگر-افراد-کو-سزا-دینا-تشویشناک-ہے-سعادت-اللہ-حسینی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com