QR CodeQR Code

بلاول بھٹو کی این اے 171 کے ضمنی انتخاب میں مخدوم طاہر کی کامیابی پر مبارکباد

13 Sep 2024 12:52

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مخدوم طاہر رشید الدین کی کامیابی نہ صرف پارٹی کے لیے بلکہ رحیم یار خان کے عوام کے لیے بھی ایک جیت ہے، جنہوں نے پسماندگی کی بجائے ترقی اور کھوکھلے وعدوں کی بجائے حقیقی خدمت کا انتخاب کیا۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے این اے 171 رحیم یار خان کے ضمنی انتخاب میں مخدوم طاہر رشید الدین کی شاندار کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔ میڈیا سیل بلاول ہاؤس سے جاری بیان میں چیئرمین پی پی پی نے اس کامیابی پر اظہارِ مسرت اور رحیم یار خان کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ رحیم یار خان کی عوام نے پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت پر اعتماد کیا۔ انہوں نے پی پی پی کارکنان، مقامی قیادت اور حامیوں کا بھی شکریہ ادا کیا جن کی انتھک محنت سے یہ کامیابی ممکن ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ یہ فتح اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ پی پی پی کے ترقی پسند، شمولیتی اور جمہوری پاکستان کے وژن کو بھرپور عوامی اعتماد و حمایت حاصل ہے۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مخدوم طاہر رشید الدین کی کامیابی نہ صرف پارٹی کے لیے بلکہ رحیم یار خان کے عوام کے لیے بھی ایک جیت ہے، جنہوں نے پسماندگی کی بجائے ترقی اور کھوکھلے وعدوں کی بجائے حقیقی خدمت کا انتخاب کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ مینڈیٹ ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہمیں ایمانداری، دیانتداری اور شفافیت کے ساتھ عوام کی خدمت کرنی ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عوام کی ضروریات کو پورا کرنے، بہتر حکمرانی کو یقینی بنانے اور جمہوری اصولوں کی پاسداری پر زور دیتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ایک خوشحال اور متحد پاکستان کی جدوجہد جاری رکھے گی، جہاں ہر شہری کو انصاف، مواقع اور وقار تک رسائی حاصل ہو۔


خبر کا کوڈ: 1159702

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1159702/بلاول-بھٹو-کی-این-اے-171-کے-ضمنی-انتخاب-میں-مخدوم-طاہر-کامیابی-پر-مبارکباد

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com