امریکا نے اپنے دوست پاکستان کی مدد کرنے پر چینی کمپنیوں پر پابندی عائد کر دی
13 Sep 2024 08:12
امریکی سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ نے مذکورہ کمپنیوں اور شہری پر الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے پابندیوں کے باوجود میزائل ٹیکنالوجی آلات منتقل کئے ہیں۔ میتھیو ملر نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ آج کی پابندیوں سے یہ آشکار ہوتا ہے کہ امریکا ایٹمی پھیلاؤ اور جہاں کہیں بھی ہونیوالی مواد کے منتقلی سے متعلق سرگرمیوں کیخلاف اقدامات جاری رکھے گا۔
اسلام ٹائمز۔ امریکا کے سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ نے چینی ریسرچ انسٹیٹیوٹ اور متعدد کمپنیوں پر اپنے گہرے دوست پاکستان کے جوہری میزائل پروگرام کو مواد فراہم کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے پابندیاں عائد کردی ہیں۔ رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان میتھیو ملر نے ایک بیان میں الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ بیجنگ ریسرچ انسٹیٹیوٹ آف آٹومیشن فار مشین بلڈنگ انڈسٹری نے پاکستان کیساتھ شاہین تھری اور ابابیل سسٹم اور ممکنہ طور پر بڑے نظام کیلئے راکٹ موٹرز ٹیسٹنگ کیلئے کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی پابندیوں کی زد میں چینی کمپنی ہوبے ہوا، چینگڈا انٹیلی جینٹ اکیوپمنٹ کمپنی، یونیورسل انٹرپرائزز اور شیان لونگ ڈے ٹیکنالوجی ڈویلپمنٹ کمپنی کیساتھ ساتھ پاکستان میں قائم انوویٹو اکیوپمنٹ اور ایک چینی شہری بھی آگئے ہیں۔
امریکی سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ نے مذکورہ کمپنیوں اور شہری پر الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے پابندیوں کے باوجود میزائل ٹیکنالوجی آلات منتقل کئے ہیں۔ میتھیو ملر نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ آج کی پابندیوں سے یہ آشکار ہوتا ہے کہ امریکا ایٹمی پھیلاؤ اور جہاں کہیں بھی ہونیوالی مواد کے منتقلی سے متعلق سرگرمیوں کیخلاف اقدامات جاری رکھے گا۔ امریکا نے اکتوبر 2023 میں بھی تین چینی کمپنیوں پر پاکستان کے پروگرام کو مواد بیچنے کے الزام پر پابندیاں عائد کر دی تھیں۔ دوسری جانب مبصرین کا کہنا ہے کہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام پرامن اور صرف دفاعی مقاصد کیلئے ہے، امریکہ کی جانب سے ایک طرف دوستی اور دوسری جانب دشمنی کھلی منافقت کے سوا کچھ نہیں۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ پاکستان کے حکمران کو اب امریکا کی اصلیت جان لینی چاہیئے۔
خبر کا کوڈ: 1159654