ہم عراقی ریاست کردستان کیساتھ تعاون کو بڑھانے کیلئے تیار ہیں، ایرانی صدر کا نیچروان بارزانی سے ملاقات میں اظہار خیال
12 Sep 2024 17:32
ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے اپنی ایک ملاقات میں ریاست کُردستان کے صدر کا کہنا تھا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی موجودگی و کردار عراق کی مرکزی حکومت اور ریاست کردستان کے درمیان تعلقات میں بہتری و وسعت کا سبب بن سکتی ہے۔
اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر "مسعود پزشکیان" اپنے دورہ عراق کے دوسرے دن ریاست کردستان پہنچے۔ جہاں انہوں نے کُرد صدر سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ میں اس مقام پر احساس تنہائی نہیں کر رہا۔ میں ایک بار پھر سابق ایرانی صدر شہید "سید ابراہیم رئیسی" کے نماز جنازہ میں شرکت پر اس ریاست کے اعلیٰ حکام کا شکرگزار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں باہمی رابطے کو مضبوط بنانے کے لیے ہر ممکن حد تک سمجھوتہ و افہام و تفہیم کی طرف بڑھنا چاہیے تا کہ باہمی ترقی و پیشرفت حاصل ہو سکے۔ ایرانی صدر نے مزید کہا کہ عراقی وزیراعظم سے گفتگو میں ہمارا اس بات پر اتفاق ہوا کہ آپس کے تعلقات کو وسعت دینے کے لئے ایک جامع و طویل مدتی اسٹریٹجک دستاویز تیار کریں۔ ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران اپنے مسلمان ہمسایوں بالخصوص ریاست کردستان کے ساتھ تعاون کو مزید بڑھانے کے لئے تیار ہے۔ انہوں نے اربعین حسینی کی عالمی تقریب کے موقع پر اس ریاست کے عہدیداروں اور لوگوں کی مہمان نوازی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کردستان کے ساتھ تجارتی و اقتصادی شعبوں سمیت سرحدوں پر سکیورٹی کے معاملات بہتر بنانے پر اتفاق کیا۔
دوسری جانب عراقی ریاست کردستان کے صدر "نیچروان بارزانی" نے ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے دورہ عراق پر اظہار مسرت کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس درآمدات کا 50 فیصد حصہ ایران سے آتا ہے۔ انہوں نے صراحت کے ساتھ کہا کہ ایرانی صدر کردستان کا دورہ تاریخی اہمیت کا حامل ہے۔ ہم ایران کے ساتھ تعلقات کو مزید وسیع کرنا چاہتے ہیں اور امید ہے کہ اس عمل میں بہت جلد تیزی آئے گی۔ کردستان کے صدر نے کہا کہ ہم ایرانی حمایت بالخصوص شہید قاسم سلیمانی کی اس علاقے کے لئے دی گئی قربانیوں کو کبھی نہیں بھول سکتے۔ نیچروان بارزانی نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ انقلاب اسلامی ایران، امام خمینی (ره) اور رہبر معظم انقلاب کی محبت نے ہماری شناخت کو زندہ کیا۔ ہم ہمیشہ آپ کے مقروض ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کردستان کبھی بھی ایران کے لئے خطرہ نہیں بلکہ اس کے برعکس ہم ایران کے لئے ایک مناسب انتخاب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کردستان، ایران اور عراق کے درمیان ہونے والے سیکورٹی معاہدے کی پابند ہے۔ نیچروان بارزانی نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی موجودگی و کردار عراق کی مرکزی حکومت اور ریاست کردستان کے درمیان تعلقات میں بہتری و وسعت کا سبب بن سکتی ہے۔
خبر کا کوڈ: 1159558