QR CodeQR Code

ہم عراق کیساتھ تجارت اور مواصلات مضبوط بنانے پر کام کر رہے ہیں، ڈاکٹر مسعود پزشکیان

11 Sep 2024 18:28

اپنے دورہ عراق میں صحافیوں کیساتھ ایک گفتگو میں ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ ہم مسلمان ہیں اور سب مسلمان آپس میں بھائی بھائی ہیں۔ یہی بھائی چارہ ہمارے رشتے کو ابدی بناتا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر "مسعود پزشکیان" نے اپنے دورہ عراق کے دوران صحافیوں سے گفتگو کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ میرا یہ دورہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارت اور مواصلات کے شعبے میں ایک سنگ میل ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ فطری طور پر ان دوروں کے دوران مشترکہ سلامتی کے منصوبوں کو تشکیل دینا چاہئے نیز اقتصادی مسائل بھی اس فضاء میں مزید پروان چڑھتے ہیں۔ اس حوالے سے پہلا قدم یہ ہے کہ ہم آپس میں بات چیت کریں اور اس بات کو مانیں کہ ہم مسلمان ہیں اور سب مسلمان آپس میں بھائی بھائی ہیں۔ یہی بھائی چارہ ہمارے رشتے کو ابدی بناتا ہے۔ یاد رہے کہ ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان آج صبح ایک اعلیٰ سطحی وفد کی سربراہی کرتے ہوئے تین روز کے لئے عراق پہنچے۔

عراق پہنچتے ساتھ ہی وہ سب سے پہلے شہیدانِ مقاومت جنرل "قاسم سلیمانی" اور "ابو مہدی المہندس" کی یادگار پر تشریف لے گئے، اس کے بعد سرکاری طور پر عراق کے وزیراعظم "محمد شیاع السوڈانی" نے اپنے معزز مہمانوں کا استقبال کیا۔ عراقی وزیراعظم سے ملاقات کے بعد ایرانی صدر نے محمد شیاع السوڈانی کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ اس مشترکہ پریس کانفرنس سے قبل ایران و عراق کے مابین تعاون کی 14 قرادادوں پر دستخط ہوئے۔ جس میں اقتصادی، ثقافتی، تعلیمی، ہنری، میڈیا، انجینئرنگ، تجارت، ٹرانسپورٹ، کھیل، زراعت اور زیارتی شعبے شامل ہیں۔ عراقی وزیراعظم کے ساتھ اپنی مشترکہ پریس کانفرنس کے بعد ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے عراقی سپریم جوڈیشل کونسل کے سربراہ "فائق زیدان" سے ملاقات کی۔


خبر کا کوڈ: 1159397

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1159397/ہم-عراق-کیساتھ-تجارت-اور-مواصلات-مضبوط-بنانے-پر-کام-کر-رہے-ہیں-ڈاکٹر-مسعود-پزشکیان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com