QR CodeQR Code

کوئٹہ میں گیس پریشر میں کمی کے مسائل حل کئے جائیں، ایم ڈبلیو ایم بلوچستان

10 Sep 2024 21:26

اپنے بیان میں ایم ڈبلیو ایم بلوچستان کے رہنماء علامہ علی حسنین نے کہا کہ گیس پریشر میں کمی کے باعث گھریلو صارفین پریشان ہیں۔ حکومت جلد نوٹس لیکر مسائل حل کرے۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے صوبائی نائب صدر و امام جمعہ علامہ علی حسنین حسینی نے کوئٹہ شہر میں گیس پریشر میں کمی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سوئی سدرن گیس کمپنی عوام الناس کو ایک بار پھر تنگ کر رہی ہے۔ گیس ایک بنیادی ضرورت ہے، جس کی کمی کے باعث عوام الناس پریشان ہیں۔ بلوچستان کو مسائلستان بنایا جا رہا ہے، جبکہ حکومت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ اپنے بیان میں علامہ علی حسنین نے کہا کہ کوئٹہ کے عوام گزشتہ کئی روز سے گیس پریشر میں کمی کا سامنا کر رہے ہیں۔ جس سے گھریلو صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

انکا کہنا تھا کہ عوام حکومت سے اس قدر دلبرداشتہ ہو گئے ہیں کہ گیس سے متعلق شکایات لے کر وزیراعلیٰ کے پاس جانے کے بجائے ایل پی جی پر گزارہ کرنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔ دوسری جانب کم اجرت حاصل کرنے والے افراد پریشان حال ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ صوبائی حکومت جلد از جلد گیس کی کمی کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ محکموں کو پابند کرے کہ عوام الناس کو گیس فراہم کی جائے۔ ایم ڈبلیو ایم رہنماء نے کہا کہ اب تک سردیاں داخل بھی نہیں ہوئیں اور گیس کی کمی کا مسئلہ پیش آیا ہے۔ ایسے میں سردیوں میں کوئٹہ کے عوام سوئی سدرن گیس کمپنی اور بلوچستان حکومت سے کیا توقعات رکھیں۔ حکومت عوامی مسائل سے بے نیازی کے بجائے عوام کی آواز سن کر ان کے مسائل حل کرنے کی کوشش کرے۔ حکمرانو کو تمام سہولیات میسر ہوتی ہیں، تاہم غریب عوام گیس، بجلی اور دیگر بنیادی سہولیات کے لئے بے تحاشا اذیتیں جھیلتے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 1159197

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1159197/کوئٹہ-میں-گیس-پریشر-کمی-کے-مسائل-حل-کئے-جائیں-ایم-ڈبلیو-بلوچستان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com