QR CodeQR Code

ماہ ربیع الاول اتحاد بین المسلمین کا مہینہ ہے، علامہ مقصود ڈومکی

10 Sep 2024 21:06

کوئٹہ میں ملی یکجہتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ نبی رحمت (ص) کی ذات گرامی امت مسلمہ کے درمیان نکتہ اتحاد و وحدت ہے۔ 12 سے 17 ربیع الاول ہفتہ وحدت منایا جائے۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود ڈومکی نے کہا ہے کہ ماہ ربیع الاول اتحاد بین المسلمین کا مہینہ ہے اور نبی رحمت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات گرامی امت مسلمہ کے درمیان نکتہ اتحاد و وحدت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملی یکجہتی کونسل بلوچستان کے زیر اہتمام 7 اکتوبر طوفان الاقصٰی کی پہلی برسی کے موقع پر یکجہتی غزہ کانفرنس منعقد کی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملی یکجہتی کونسل بلوچستان کے اجلاس کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ملی یکجہتی کونسل بلوچستان کا سہ ماہی اجلاس صوبائی صدر مولانا عبدالحق ہاشمی کی صدارت اور جماعت اہل حدیث کی میزبانی میں الفلاح ریزیڈنشل اسکول کوئٹہ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ممبر جماعتوں کے قائدین نے شرکت کی۔

ملی یکجہتی کونسل بلوچستان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ ماہ ربیع الاول حضرت سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات گرامی سے عشق و مودت کے اظہار کا مہینہ ہے۔ جس میں ہم حضور سید الکونین سے تجدید عہد کرتے ہیں کہ ہم آپ کے بتائے ہوئے راستے پر چلیں گے۔ ماہ ربیع الاول اتحاد بین المسلمین کا مہینہ ہے اور نبی رحمت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات گرامی امت مسلمہ کے درمیان نکتہ اتحاد و وحدت ہے۔ ملی یکجہتی کونسل کے زیر اہتمام 12 سے 17 ربیع الاول ہفتہ وحدت منایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ غزہ اور فلسطین کے مظلوم مسلمانوں پر جاری اسرائیلی ظلم و بربریت پر خاموشی گناہ ہے۔ ہم مظلوم فلسطین کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ملی یکجہتی کونسل بلوچستان کے زیر اہتمام 7 اکتوبر طوفان الاقصٰی کی پہلی برسی کے موقع پر یکجہتی غزہ کانفرنس منعقد کی جائے۔ اس موقع پر ملی یکجہتی کونسل بلوچستان کی جانب سے یکجہتی غزہ کانفرنس کے لئے علامہ مقصود علی ڈومکی کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی۔ کمیٹی میں تمام رکن جماعتوں کے اراکین شامل ہوں گے۔


خبر کا کوڈ: 1159190

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1159190/ماہ-ربیع-الاول-اتحاد-بین-المسلمین-کا-مہینہ-ہے-علامہ-مقصود-ڈومکی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com