علی امین گنڈاپور کے پاس مریم نواز سے موازنہ کرنے کیلئے کچھ نہیں، ن لیگ کوئتہ
10 Sep 2024 14:13
اپنے بیان میں مسلم لیگ ن کے رہنماؤں نے کہا کہ علی امین گنڈاپور سمیت پی ٹی آئی کی دیگر قیادت کیجانب سے خواتین سے متعلق نازیبا الفاظ استعمال ہوئے، جسکی مذمت کرتے ہیں۔
اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کوئٹہ کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ علی امین گنڈاپور نے خواتین کیلئے نازیبا الفاظ استعمال کئے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے پاس وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے موازنہ کرنے کے لئے کچھ نہیں ہے۔ اپنے بیان میں مسلم لیگ (ن) کوئٹہ کے صدر سحر گل خلجی، جنرل سیکرٹری جاوید اقبال اعوان و دیگر نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور سمیت پی ٹی آئی کی دیگر قیادت کی جانب سے خواتین سے متعلق نازیبا الفاظ استعمال ہوئے، جس کی مذمت کرتے ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ علی امین گنڈا پور نے خواتین کے خلاف نازیبا اور اخلاق سے گری ہوئی زبان استعمال کی، جو ان کی متعصبانہ ذہنیت کی عکاس ہے۔ پی ٹی آئی قیادت جلسے کی ناکامی کو خواتین کی توہین کرکے نیا رنگ دینے کی کوشش کررہی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ جلسے کی ناکامی کو چھپانے کے لئے پولیس پر پتھراؤ کیا گیا۔ اسٹیج پر چڑھ کر خاتون کو للکارنا کسی طرح مہذب معاشرے کی عکاس نہیں ہے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے پاس وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے موازنہ کرنے کے لئے کچھ نہیں ہے۔ عوام کو دکھانے کے لئے ان کے پاس کچھ نہیں۔ جلسے میں جو الفاظ استعمال کئے گئے، ان کی مذمت کرتے ہیں۔ علی امین کی تکلیف کا ہمیں احساس ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ترقی ہو رہی ہے۔ ملک دیوالیہ ہونے سے بچ گیا۔ سی پیک پر دوبارہ کام شروع ہو رہا ہے۔ یہ سب کچھ انہیں ہضم نہیں ہو رہا، وہ وزیراعلیٰ پنجاب سمیت خواتین صحافیوں اور اداروں کے خلاف غلیظ زبان استعمال کرکے عوام میں اپنی کھوئی ہوئی ساکھ بحال کرنا چاہتے ہیں۔
خبر کا کوڈ: 1159121