کل جماعتی حریت کانفرنس کا بھارتی جیلوں میں نظربند کشمیریوں کی حالت زار پر اظہار تشویش
10 Sep 2024 10:14
ترجمان حریت کانفرنس نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر بھارت کو جوابدہ ٹھہرائے۔
اسلام ٹائمز۔ بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارتی جیلوں میں بند کشمیری سیاسی رہنمائوں اور نوجوانوں کی حالت زار پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی فوری اور غیر مشروط رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کشمیریوں کی آواز کو دبانے کے لئے بھارتی حکومت کے مذموم ہتھکنڈوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ طاقت کا وحشیانہ استعمال حق خودارادیت کے حصول کے لئے کشمیریوں کے غیر متزلزل عزم کو کمزور نہیں کر سکتا۔ ایڈوکیٹ منہاس نے کہاکہ حریت کانفرنس تنازعہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے پرعزم ہے، لیکن بھارتی حکومت کی جارحانہ پالیسیوں اور سیاسی اختلاف رائے کو دبانے کے طرزعمل نے علاقے کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس نے اقوام متحدہ سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر مداخلت کرے اور غیر قانونی طور پر نظر بند تمام کشمیریوں کی رہائی کو یقینی بنائے۔ ترجمان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر بھارت کو جوابدہ ٹھہرائے۔ انہوں نے کہاکہ دنیا اب جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم پر آنکھیں بند نہیں کر سکتی۔
خبر کا کوڈ: 1159065