QR CodeQR Code

شہری سندھ کے وسائل پر قابض پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی کی بندر بانٹ چل رہی ہے، ایم کیو ایم

9 Sep 2024 23:04

ترجمان ایم کیو ایم پاکستان نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے ساتھ شہری سندھ کا سودا کرنے والے حافظ نعیم کس منہ سے کراچی کی بربادی پر نوحہ کناں ہیں؟ کراچی کی حالت زار پر رونا حافظ نعیم کے سوائے مگرمچھ کے آنسوں کے کچھ نہیں ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے ترجمان کا امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم کے حالیہ بیان پر آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہنا ہے کہ شہری سندھ کے وسائل پر قابض پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی کی بندر بانٹ چل رہی ہے اور ایم کیو ایم پر بے جا تنقید کرکے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کی جارہی ہے، پیپلز پارٹی نے حافظ نعیم کو ایم کیو ایم کے خلاف باتیں کرنے کا ٹاسک دیا ہوا ہے، پچھلے دو سالوں میں کراچی کے شہریوں نے صرف ٹوٹی سڑکیں کچرا اور ان پر لگے جماعت اسلامی کے بینرز دیکھے ہیں، روز اول سے بے پر کی باتیں کرنا جماعت اسلامی کا وطیرہ رہا ہے۔ ترجمان ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی پر کھسیانی بلی کھمبا نوچے کا محاورہ صادق آتا ہے، کراچی کے شہریوں نے بلدیاتی اداروں میں جماعت اسلامی کی بدترین کارکردگی دیکھ لی ہے۔

ترجمان ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ شہر کے مختلف ٹاونز میں جماعت اسلامی کے چیئرمینز بلدیاتی وسائل پر سانپ بن کر بیٹھے ہیں، شہر کے بلدیاتی وسائل پر قابض بلدیاتی نمائندہ گان حافظ نعیم کو مسلم امہ کا نام نہاد رہنما ثابت کرنے کے علاوہ کچھ نہیں کر رہے۔ ایم کیو ایم کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے میئر پر اختیارات کا رونا رونے کا الزام لگانے والے حافظ نعیم مکافات عمل کے نتیجے میں اج خود رو رہے ہیں، پیپلز پارٹی کے ساتھ شہری سندھ کا سودا کرنے والے حافظ نعیم کس منہ سے کراچی کی بربادی پر نوحہ کناں ہیں؟ کراچی کی حالت زار پر رونا حافظ نعیم کے سوائے مگرمچھ کے آنسوں کے کچھ نہیں ہیں۔


خبر کا کوڈ: 1159005

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1159005/شہری-سندھ-کے-وسائل-پر-قابض-پیپلز-پارٹی-اور-جماعت-اسلامی-کی-بندر-بانٹ-چل-رہی-ہے-ایم-کیو

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com