ربیع الاول کے انتظامات کرنا ہماری ذمہ داری نہیں بلکہ ہمارے لئے سعادت ہے، میئر کراچی
9 Sep 2024 22:59
اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ باغ ابن قاسم میں ہی بلدیہ عظمیٰ کراچی کے زیر انتظام جشن عید میلاد النبی ﷺکے حوالے سے پروگرام منعقد کیا جائے گا جس میں تمام مکتبہ فکر کے علماء کرام، ثناء خواں رسولؐ اور دانشوروں کے ساتھ ساتھ شہریوں کی ایک بڑی تعداد کو شرکت کی دعوت دی جائے گی۔
اسلام ٹائمز۔ میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ مسلمانوں کے لئے ماہ ربیع الاول ایک مقدس اور بابرکت مہینہ ہے جس میں نبی کریم ﷺ اس دنیا میں تشریف لائے اور ہمیں جہالت کے گھٹا ٹوپ اندھیروں سے نکالا اور قرآن مجید کی صورت میں رشد و ہدایت کی وہ روشنی عطا کی جو رہتی دنیا تک ہماری رہنمائی کرتی رہے گی، ربیع الاول کے انتظامات کرنا ہماری ذمہ داری نہیں بلکہ ہمارے لئے سعادت ہے، بارہ ربیع الاول سے قبل تمام بلدیاتی مسائل حل کرنے کی کوشش کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے باغ ابن قاسم کلفٹن میں ماہ ربیع الاول کے انتظامات کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی حیات طبیہ ہمارے لئے مشعل راہ ہے اور انہوں نے زندگی کے ہر شعبے میں ہماری رہنمائی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ حضور اکرم ﷺ سے سچی محبت کرتے ہیں انہیں اپنے اعمال کے ذریعے اور سنت رسول ﷺپر عمل کرکے عملی مظاہرہ کرنا چاہیئے۔ میئر کراچی نے کہا کہ ربیع الاول کے انتظامات کارخیر ہیں اور علماء کرام کی مشاورت سے انہیں ہر ممکن بہتر بنایا جائے گا۔ میئر کراچی نے کہا کہ باغ ابن قاسم میں ہی بلدیہ عظمیٰ کراچی کے زیر انتظام جشن عید میلاد النبی ﷺکے حوالے سے پروگرام منعقد کیا جائے گا جس میں تمام مکتبہ فکر کے علماء کرام، ثناء خواں رسولؐ اور دانشوروں کے ساتھ ساتھ شہریوں کی ایک بڑی تعداد کو شرکت کی دعوت دی جائے گی۔
خبر کا کوڈ: 1159003