سندھ کی عوام زرداری لیگ کی دوغلے پالیسیوں کو جان چکی ہے، سردار عبدالرحیم
9 Sep 2024 22:51
ایک بیان میں کہا کہ جی ڈی اے سمیت سندھ دوست سیاسی جماعتوں کے رہنما سندھ دشمن منصوبوں اور سازشوں کو کسی صورت میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے، سندھ کے عوام پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں اور حکمراں اپنی عیاشیوں اور سازشوں میں مصروف ہیں۔
اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے سیکریٹری جنرل سردار عبدالرحیم نے کہا ہے کہ سندھ کے پانی کے حقوق چھیننے اور ارسا ایکٹ میں ترمیم کا سازشی فیصلہ ایوان صدر میں پیپلز پارٹی کی قیادت کی رضامندی سے ہوا ہے، پیپلز پارٹی کے سندھ اسمبلی کے ارکان کو مگر مچھ کے آنسو بہانے سے بہتر ہے کہ اسمبلی کی رکنیت سے استعفی دیکر سندھ کے مفادات کے تحفظ کی خاطر صوبے کے عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں۔
سردار عبدالرحیم نے اپنے ایک بیان میں مزید کہا کہ سندھ کی عوام زرداری لیگ کی دوغلے پالیسیوں کو جان چکی ہے اور سندھ کی عوام سمجھتی ہے کہ پیپلز پارٹی سندھ کے مفادات کو اپنی جیبیں بھرنے کی خاطر فروخت کرنے کی سازشوں میں مصروف عمل ہے۔ سردار عبدالرحیم نے کہا کہ جی ڈی اے سمیت سندھ دوست سیاسی جماعتوں کے رہنما سندھ دشمن منصوبوں اور سازشوں کو کسی صورت میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے، سندھ کے عوام پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں اور حکمراں اپنی عیاشیوں اور سازشوں میں مصروف ہیں۔
خبر کا کوڈ: 1159002