یوٹیلیٹی اسٹورز میں مختلف اشیاء کی قیمتوں میں 10 فیصد کمی
9 Sep 2024 17:44
یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے زونل ہیڈ خیبرپختونخوا علی جوہر خلیل نے پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مختلف اشیاء کی قیمتوں میں 10 فیصد کمی کی جارہی ہے۔
اسلام ٹائمز۔ یوٹیلیٹی اسٹورز نے مختلف اشیاء کی قیمتوں میں 10 فیصد کمی کا اعلان کردیا۔ یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے زونل ہیڈ خیبرپختونخوا علی جوہر خلیل نے پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مختلف اشیاء کی قیمتوں میں 10 فیصد کمی کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صارفین کے لئے گھی سمیت مختلف 800 اشیاء میں کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے، جن میں 48 بڑی کمپنیوں کی مختلف برانڈ گھی،خشک دودھ،چائے،اچار،خشک مصالحہ جات،صابن سمیت دیگر اشیاء شامل ہیں۔
انہوں نے آگاہ کیا کہ قیمتوں میں کمی کا فیصلہ فوری نافذ العمل ہوگا، قیمتوں میں 8 روپے سے 200 روپے تک کی کمی کی ہے۔ علی جوہر خلیل کا کہنا تھا کہ عوام کی تکالیف اور موجودہ مہنگائی کی صورتحال میں اشیاء کی قیمتوں میں کمی کا فیصلہ کیا گیا، آنے والے دنوں میں ان اشیاء کی قیمتوں کو مزید کم کیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ: 1158946