QR CodeQR Code

28 مسلمانوں کو حراستی کیمپ میں بھیجنا بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے، شفیع مدنی

9 Sep 2024 19:20

جماعت اسلامی ہند کے جنرل سکریٹری نے کہا کہ جن لوگوں کو غیر ملکی قرار دیا گیا ہے وہ اپنے خلاف چل رہے مقدمے تک سے واقف بھی نہیں تھے۔


اسلام ٹائمز۔ بھارتی ریاست آسام میں 28 بنگالی بولنے والے مسلمانوں کو حراستی کیمپ میں بھیج دیا گیا ہے جس کے بعد پورے ملک میں مسلمانوں میں خوف و ہراس ہے اور آسام حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ اسی سلسلے میں میڈیا نے جماعت اسلامی ہند کے جنرل سکریٹری شفیع مدنی سے خاص بات چیت کی اور اس حوالے سے ان کے خیالات جاننے کی کوشش کی۔ شفیع مدنی حال ہی میں ریاست آسام سے دورہ کرکے آئے ہیں اور انہوں نے حراستی کیمپ کو قریب سے دیکھا ہے۔ مرکزی سکریٹری شفیع مدنی نے آسام کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ’فارنر ٹربیونل‘ کی جانب سے 28 بنگالی زبان بولنے والے مسلمانوں کو غیر ملکی قرار دیے جانے کے بعد ٹرانزٹ کیمپوں میں بھیج دیا گیا۔ یہ ان کے بنیادی حقوق کی سراسر خلاف ورزی ہے۔

شفیع مدنی نے کہا کہ جن لوگوں کو غیر ملکی قرار دیا گیا ہے وہ اپنے خلاف چل رہے مقدمے تک سے واقف بھی نہیں تھے۔ ٹربیونل کا یہ فیصلہ مسلم کمیونٹی بالخصوص کو غیر مناسب طریقے پر نشانہ بنانے کی شہادت دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آسام این آر سی کے ریکارڈ میں غیر ملکی قرار دیے گئے لوگوں میں تقریباً دو تہائی ہندو اور ایک تہائی مسلمان ہیں، مگر ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ان میں سے صرف مسلمانوں کو ہی نشانہ بنایا جا رہا ہے جو انتہائی غیر انسانی رویہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ہند ان تمام گرفتار شدگان کی فوری رہائی اور ’’فارنر ٹریبونل‘‘ کے فیصلے پر روک لگانے کا مطالبہ کرتی ہے۔


خبر کا کوڈ: 1158925

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1158925/28-مسلمانوں-کو-حراستی-کیمپ-میں-بھیجنا-بنیادی-حقوق-کی-خلاف-ورزی-ہے-شفیع-مدنی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com