پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی ہی حقیقت میں بی جے پی کی پراکسی ہے، ریاض مجید
9 Sep 2024 18:30
عوامی اتحاد پارٹی کے ترجمان نے ان الزامات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ محبوبہ مفتی جھوٹ بول کر لوگوں کا اعتماد جیتنے کی کوشش کر رہی ہیں اور ان کو ایسا کرنا زیب نہیں دیتا۔
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر عوامی اتحاد پارٹی کے ترجمان ریاض مجید نے میڈیا سے خصوصی بات کرتے ہوئے شوپیان واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے اس واقعہ پر بہت دکھ ہو رہا ہے۔ ریاض مجید نے محبوبہ مفتی کے اس بیان پر سخت تنقید کی جس میں محبوبہ مفتی نے عوامی اتحاد پارٹی پر، پراکسی ہونے اور بی جے پی کی پشت پناہی کا الزام عائد کیا۔ ریاض مجید نے ان الزامات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ محبوبہ مفتی جھوٹ بول کر لوگوں کا اعتماد جیتنے کی کوشش کر رہی ہیں اور ان کو ایسا کرنا زیب نہیں دیتا۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات لڑنے کے لئے خزانے نہیں چاہیئے، ایمان دارانہ اور شفافانہ انتخابات لڑنے کے لئے خلوص اور اچھی نیت کی ضرورت ہوتی ہے، لوگوں کے بھروسہ کی ضرورت ہوتی ہے، پی ڈی پی کو لگتا ہے کہ سیاست پیسہ ہے اور پیسہ سیاست ہے۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں کے پاس شعور اور بصارت ہے، لوگ اچھے سے سمجھتے ہیں کہ اصلی پراکسی کون ہے، پی ڈی پی ہی حقیقت میں پراکسی ہے اور انہوں نے کئی بار وہ رنگ دکھائے ہیں جو عوام کے سامنے نمایاں ہیں، جس پارٹی کو جموں کشمیر سے دور رکھنے کے لئے پی ڈی پی نے عوام سے ووٹ مانگے، انتخابات کے بعد پھر ان کے ساتھ ہی اتحاد کیا، اور یہی ان کی اصلیت ہے۔ ریاض مجید نے کہا کہ عوامی اتحاد پارٹی، عوامی پارٹی ہے اور یہ عوام کی تحریک ہے، سماج میں موجود جو لوگ خاندانی سیاست کا خاتمہ چاہتے ہیں عوامی اتحاد پارٹی کو ان ہی لوگوں کی ہمدردی اور پشت پناہی حاصل ہے، وہ عوامی اتحاد پارٹی کے لئے سامنے آتے ہیں اور اپنا تعاون پیش کرتے ہیں، جب عوام عوامی اتحاد پارٹی کا ساتھ دے گی تو وہ صرف جموں کشمیر میں نہیں بلکہ پورے ملک میں اپنے امیدوار کھڑے کر سکتے ہیں۔ ریاض مجید نے کہا کہ محبوبہ مفتی یہ سمجھ رہی ہیں کہ یہاں صرف مفتی، عبداللہ اور گاندھی خاندانوں کو راج کرنے کا حق ہے اور جب کوئی اور میدان میں اتر جائے تو اسے فوری طور ایجنٹ قرار دیا جاتا ہے۔
خبر کا کوڈ: 1158924