اسمبلی انتخابات کے چلتے جماعت اسلامی کشمیر کی انتخابی ریلیوں میں عوام کا زبردست ہجوم
9 Sep 2024 16:50
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے پینل کے مشیر شمیم احمد ٹھوکر نے کہا کہ وہ عوام کے مسائل کو آئین ہند کے دائرہ کار میں اٹھائیں گے اور حقوق کی بات کرینگے۔
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کشمیر نے اپنے چار اراکین کو آزاد امیدوار کی حیثیت سے اسمبلی انتخابات کیلئے میدان میں اتارا ہے۔ اس نے وادی کشمیر کے ضلع کولگام میں اپنی پہلی انتخابی ریلی کا انعقاد کیا۔ ریلی میں تنظیم کے ہزاروں کارکنوں، حامیوں اور اس پینل نے شرکت کی جس نے حکومت سے الیکشن لڑنے کے بارے میں بات چیت کی تھی۔ جماعت اسلامی نے پلوامہ، کولگام، دیوسار میں تین امیدوار کھڑے کئے ہیں اور زین پورہ سیٹ پر پی ڈی پی کے سابق ایم ایل اے اعجاز احمد میر کی حمایت کر رہے ہیں۔ جماعت اسلامی کے لیڈروں نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ آزاد امیدواروں کے لئے ریلیاں نکالیں اور اسمبلی انتخابات میں ان کے لئے مہم چلائیں۔ ضلع کولگام کے گاؤں بُگام میں ہونے والی ریلی میں جماعت اسلامی ہند کے حامیوں اور کارکنوں کا زبردست اور پرجوش ہجوم دیکھنے کو ملا۔ کشمیر میں بُگام گاؤں کو جماعت اسلامی کا گڑھ سمجھا جاتا ہے۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے پینل کے مشیر شمیم احمد ٹھوکر نے کہا کہ وہ عوام کے مسائل کو آئین ہند کے دائرہ کار میں اٹھائیں گے اور حقوق کی بات کریں گے۔ ٹھوکر نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم بھارت کے آئین کی پیروی کریں گے لیکن، لوگوں کے حقوق کے بارے میں بات کرنے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، ہم امن کے پرچارک اور حامی ہیں، آپ کو ہمارا ساتھ دینا ہوگا۔ ٹھوکر نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے اپنی بات عوام کے سامنے رکھی اور انہیں زبردست ردعمل ملا۔ فروری 2019ء میں حکومت ہند نے پلوامہ میں سی آر پی ایف کے قافلے پر خودکش حملے کے بعد غیر قانونی سرگرمیاں ایکٹ کے تحت جماعت اسلامی پر پابندی لگا دی تھی۔ پابندی ہٹانے کے لئے مرکز پر زور دیتے ہوئے کالعدم تنظیم کے ایک پینل نے الیکشن لڑنے پر اپنی رضامندی ظاہر کی۔ اس کے بعد وادی میں کچھ سیٹوں پر آزاد امیدوار کھڑے کئے۔
خبر کا کوڈ: 1158923