QR CodeQR Code

نواز شریف نے کہا تھا کہ ملک کو اس صورتحال سے نکالنے کیلئے سب کو سرجوڑ کر بیٹھنا پڑیگا، رانا ثنا اللہ

4 Sep 2024 22:08

مسلم لیگ نون کے رہنما کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کی اس بات سے متفق نہیں کہ بلوچستان میں حکومتی عملداری ختم ہوگئی ہے۔ بلوچستان کے کسی علاقے میں کسی دہشتگرد تنظیم کی عملداری نہیں ہے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم کے مشیر اور مسلم لیگ نون کے رہنما رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ اختر مینگل کا کل استعفیٰ دے کر آج واپس لینا ان کیلئے مشکل ہوگا۔ ایک نجی ٹی وی چینل کے ساتھ گفتگو کے دوران رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ ایسی چیزیں وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مینیج ہوتی ہیں۔ اس پر متفق ہیں کہ بلوچستان کے معاملات کو اولین ترجیح سمجھ کر حکومت اور متعلقہ اداروں کو سنجیدگی سے لینا چاہیئے۔ وزیراعظم کے مشیر کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی 99.99 فیصد آبادی محب وطن اور آئین اور قانون پر یقین رکھتی ہے، ان سے علیحدہ برتاؤ ہونا چاہیئے۔ انکا کہنا تھا کہ اختر مینگل کے گلے شکوے سنے اور یقین دہانی کرائی ہے کہ ان کی پارلیمنٹ میں موجودگی بلوچستان کیلئے بڑی اہم ہے۔

رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی اس بات سے متفق نہیں کہ بلوچستان میں حکومتی عملداری ختم ہوگئی ہے۔ بلوچستان کے کسی علاقے میں کسی دہشتگرد تنظیم کی عملداری نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ نواز شریف نے ملک واپس آکر دوٹوک کہا تھا کہ ملک کو اس صورتحال سے نکالنے کیلئے سب کو سرجوڑ کر بیٹھنا پڑے گا۔ رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ پارٹی میں بات چیت کے دوران بھی نواز شریف نے اس بات کو دہرایا۔ نواز شریف پی ٹی آئی سمیت تمام پارٹیوں سے غیر مشروط مذاکرات چاہتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ یہ بات قومی اسمبلی میں تحریک انصاف کے لوگوں کے سامنے بھی کی ہے۔ رانا ثناء اللّٰہ نے کہا وزیراعظم نے دو ہفتے پہلے سب سے ہاتھ ملایا اور غیر مشروط مذاکرات کی بات کی۔


خبر کا کوڈ: 1158066

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1158066/نواز-شریف-نے-کہا-تھا-کہ-ملک-کو-اس-صورتحال-سے-نکالنے-کیلئے-سب-سرجوڑ-کر-بیٹھنا-پڑیگا-رانا-ثنا-اللہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com