لکی مروت میں پولیس چوکی پر دہشتگردوں کا حملہ، ایک زخمی
27 Aug 2024 17:26
لکی مروت ٹول پلازا پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی، لکی مروت پولیس نے بھرپور جوابی کارروائی کی، آس پاس کے دیہات کے لوگ بھی پولیس کی مدد کے لیے گھروں سے نکل آئے۔
اسلام ٹائمز۔ لکی مروت میں رات گئے پولیس چوکی پر نامعلوم افراد کے حملے میں ایک ملازم زخمی ہوگیا، فائرنگ کی دہشت سے دل کا دورہ پڑںے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق لکی مروت ٹول پلازا پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی، لکی مروت پولیس نے بھرپور جوابی کارروائی کی، آس پاس کے دیہات کے لوگ بھی پولیس کی مدد کے لیے گھروں سے نکل آئے، پولیس اور اہل علاقہ کی شدید جوابی فائرنگ کے بعد حملہ آور فرار ہوگئے۔ ملزمان کی فائرنگ سے ٹول پلازا چوکی کا ملازم علی محمد زخمی ہوگیا جب کہ خوف کی وجہ سے دل کا دورہ پڑنے سے کرک سے تعلق رکھنے والا 60 سالہ شخص جاں بحق ہوگیا۔ ڈی پی او کے مطابق لکی مروت میں دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنادیا گیا، منجیوالہ چوکی پر حملہ کرنے کی کوشش کی گئی جس پر بروقت کاروائی سے حملہ آور فرار ہوگئے۔
خبر کا کوڈ: 1156486