QR CodeQR Code

بھارت اور دیگر بیرونی طاقتیں بلوچستان میں امن نہیں ہونے دیتیں، جاوید قصوری

27 Aug 2024 13:17

امیر جماعت اسلامی پنجاب کا پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ بلوچستان میں ہونیوالے سانحہ میں پنجاب سے تعلق رکھنے والے افراد کو قتل کیا گیا جو پہلے بھی ہوتا آیا ہے، لیکن اس کو ختم نہیں کیا جا سکا اور سوال کرنا چاہتا ہوں کہ وفاقی حکومت، بلوچستان کی حکومت، قانون نافذ کرنیوالے ادارے کہاں ہیں۔  


اسلام ٹائمز۔ منصورہ لاہور میں جماعت اسلامی پنجاب کے امیر جاوید قصوری نے جنرل سیکرٹری پنجاب نصراللہ گورائیہ، فاروق چوہان سمیت دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز بلوچستان میں جو سانحہ ہوا اس میں 50 سے زائد افراد کو ناحق قتل کر دیا گیا جبکہ بھارت اوردیگر بیرونی طاقتیں بلوچستان کو مستحکم نہیں ہونے دے رہیں۔ جاوید قصوری کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں ہونیوالے سانحہ میں پنجاب سے تعلق رکھنے والے افراد کو قتل کیا گیا جو پہلے بھی ہوتا آیا ہے، لیکن اس کو ختم نہیں کیا جا سکا اور سوال کرنا چاہتا ہوں کہ وفاقی حکومت، بلوچستان کی حکومت، قانون نافذ کرنیوالے ادارے کہاں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے لوگوں کی ٹارگٹ کلنگ کرنا دن دیہاڑے حکومتوں کی ناکامی ہے اورکسی صورت قابل قبول نہیں، پنجاب میں ہر قومی اور زبان کے لوگ رہتے ہیں، آج تک پنجاب میں رنگ، نسل اور زبان کی بنیاد پر کوئی واقعہ پیش نہیں آیا، لیکن بلوچستان میں ہی کیوں ایسا ہو رہا ہے؟ کیونکہ بلوچستان میں بگڑتے ہوئے حالات میں بھارتی اور دیگر بیرونی دشمنوں کا ہاتھ ہو سکتا ہے۔ جاوید قصوری کا کہنا تھا کہ کل 28 اگست کو پنجاب سمیت ملک بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جائے گی کیونکہ عام آدمی کیساتھ ساتھ تاجر اور صنعتکار بھی موجودہ حکومت کی پالیسیوں کے باعث پریشان ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بجلی کے بلوں میں 13 قسم کے ظالمانہ ٹیکسوں کو ختم کرنا ہوگا، جماعت اسلامی کے 14 روزہ اسلام آباد میں دھرنے کے باعث پنجاب میں دو ماہ کیلئے ہی سہی عوام کو کچھ ریلیف تو ملا ہے، لیکن یہ عارضی ریلیف ہے، عوام کو سہولت دینے کا مستقل حل نکالا جائے۔ جبکہ دیگر صوبے بھی بجلی کے بلوں میں کمی کا علان کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ کل ہونیوالی ہڑتال سے بھی اگر فرق نہ پڑا تو پھر اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کیا جائیگا۔


خبر کا کوڈ: 1156438

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1156438/بھارت-اور-دیگر-بیرونی-طاقتیں-بلوچستان-میں-امن-نہیں-ہونے-دیتیں-جاوید-قصوری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com