لاہور، شہر بھر میں مشی کے جلوس، فضا لبیک یاحسینؑ کی صداوں سے گونجتی رہی
27 Aug 2024 09:54
مشی کے ان جلوسوں میں خواتین، بچوں، بزرگوں اور جوانوں کو جذبہ دیدنی تھا۔ لبیک یاحسینؑ کی صداوں سے پورے لاہور کی فضا گونجتی رہی۔ مشی کے جلوسوں کے شرکاء کربلا گامے شاہ پہنچے تو پی ایم جی آفس کے سامنے نماز مغربین کا خصوصی اہتمام کیا گیا تھا، جہاں علامہ سید جواد موسوی کی قیادت میں شرکاء نے نماز مغربین ادا کی۔ نماز کے بعد علامہ سید جواد موسوی نے حزب اللہ لبنان، مجاہدین حماس، مجاہدین یمن اور ایران کی کامیابی اور اسرائیل کی نابودی کیلئے خصوصی دعا کروائی۔
اسلام ٹائمز۔ چہلم شہدائے کربلا کے موقع پر لاہور بھر کے تمام علاقوں سے مشی کے جلوس برآمد ہوئے اور کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوتے رہے۔ ان جلوسوں میں خواتین، بچے، جوان، بزرگوں سمیت ہر عمر کے افراد شریک ہوئے۔ لاہور میں رائیونڈ اڈہ پلاٹ سے ملحقہ آبادیوں کے مکینوں نے مشی کی اور پیدل چلتے ہوئے، ہاتھوں میں علم حضرت عباس علیہ السلام تھامے، سید الشہداء سے اپنی عقیدت کا اظہار کرتے کربلا گامے شاہ پہنچے، راستے میں علی رضا آباد اور دیگر ہاوسنگ سوسائٹیوں کے مکین بھی شامل ہوتے رہے۔ اسی طرح فیروز پور روڈ سے کاہنہ اور ملحقہ آبادیوں کے مکینوں نے مشی کی، جو چونگی امر سدھو کے جلوس میں شریک ہوئے۔ جبکہ چونگی امر سدھو کے جلوس کے شرکاء کے ساتھ گلبرگ، ماڈل ٹاون، گارڈن ٹاون کے مکین بھی شریک ہوئے۔ شرکائے مشی نے مسلم ٹاون موڑ پر نماز ظہرین ادا کی۔ گلبرگ سے آنیوالے قافلے کینال روڈ عبور کرکے شادمان پہنچے جہاں قومی مرکز میں نماز ظہرین کی ادائیگی کے بعد براستہ چوک شادمان، چائنہ چوک، مزنگ روڈ سے ہوتے ہوئے پرانی انار کلی، سول سیکرٹریٹ سے کربلا گامے شاہ پہنچے۔
ٹھوکر نیاز بیگ سے آنیوالے قافلے چوک یتیم خانہ میں جعفریہ کالونی، سمن آباد اور علامہ اقبال ٹاون کے جلوسوں میں شریک ہوئے اور مشترکہ طور پر واک کرتے ہوئے سمن آباد موڑ، چوک چوبرجی، ایم اے او کالج سے ہوتے ہوئے سول سیکرٹریٹ اور کربلا گامے شاہ پہنچے۔ اسی طرح امامیہ کالونی سے آنیوالے قافلے شاہدرہ چوک میں کوٹ عبدالمالک، جیا موسیٰ اور شاہدرہ ٹاون کے قافلوں میں ضم ہو کرکربلا گامے شاہ پہنچے۔ برکی روڈ، ہڈیارہ، کرباٹھ، بھنگالی سے بھی عزادار خواتین و حضرات پیدل چلتے ہوئے رینجرز ہیڈکوارٹرز پہنچے، جہاں سے جوڑے پل کے شرکاء کیساتھ دھرم پورہ سے ہوتے ہوئے علامہ اقبال روڈ سے لکشمی چوک کے راستے میو ہسپتال اور انارکلی سے ہوتے ہوئے کربلا گامے شاہ پہنچے۔ اس موقع جلوسوں کے راستوں میں عزاداروں کیلئے لنگر اور دودھ و شربت کی سبیلوں کا خصوصی اہتمام کیا گیا۔ مخیر حضرات کی جانب سے موکب لگائے گئے تھے جہاں عزاداروں کی تواضع مختلف کھانوں سے کی جاتی رہی۔
جلو، رضوان گارڈن سے آنے والے مشی کے جلوس مغلپورہ، غازی آباد کے جلوس میں شریک ہوکر منزل مقصود کی جانب رواں دواں رہے۔ مشی کے ان جلوسوں میں خواتین، بچوں، بزرگوں اور جوانوں کو جذبہ دیدنی تھا۔ لبیک یاحسینؑ کی صداوں سے پورے لاہور کی فضا گونجتی رہی۔ مشی کے جلوسوں کے شرکاء کربلا گامے شاہ پہنچے تو پی ایم جی آفس کے سامنے نماز مغربین کا خصوصی اہتمام کیا گیا تھا، جہاں علامہ سید جواد موسوی کی قیادت میں شرکاء نے نماز مغربین ادا کی۔ نماز کے بعد علامہ سید جواد موسوی نے حزب اللہ لبنان، مجاہدین حماس، مجاہدین یمن اور ایران کی کامیابی اور اسرائیل کی نابودی کیلئے خصوصی دعا کروائی جبکہ اس موقع پر امریکہ و اسرائیل کے پرچم بھی نذرآتش کئے گئے۔ نماز مغربین کیلئے خصوصی اہتمام امامیہ سکاوٹس کی جانب کیا گیا تھا۔
خبر کا کوڈ: 1156393