اسرائیلی وزیر جنگ نے حزب اللہ کے ساتھ معاہدے کے لیے آمادگی کا اظہار کیا ہے
26 Aug 2024 20:11
یوآو گالانت، جو کہ اسرائیلی فوج کے آپریشنز روم میں موجود تھے، نے دعویٰ کیا کہ اسرائیل نے ایک پیشگی حملہ کرکے حزب اللہ کے حملے کے خطرے کو انکے حملے سے چند منٹ قبل ناکام بنا دیا۔
اسلام ٹائمز۔ اسرائیلی وزیر جنگ نے حزب اللہ لبنان کے کمانڈر سید فواد شکر کی شہادت کے بعد حزب اللہ کے جوابی حملے کے چند گھنٹوں بعد حزب اللہ کے ساتھ ممکنہ معاہدے کے لیے آمادگی کا اظہار کیا ہے۔ فارس نیوز کے مطابق یوآو گالانت، جو کہ اسرائیلی فوج کے آپریشنز روم میں موجود تھے، نے دعویٰ کیا کہ اسرائیل نے ایک پیشگی حملہ کرکے حزب اللہ کے حملے کے خطرے کو حملے سے چند منٹ قبل ناکام بنا دیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ دشمن بہت بڑی تعداد میں راکٹ شمالی علاقوں کی طرف فائر کرنا چاہتا تھا۔ ہمارے پیشگی اقدام نے 50 فیصد یا شاید دو تہائی راکٹوں کو فائر ہونے سے روک دیا۔
گالانت نے اپنی باتوں کے ایک اور حصے میں غزہ سے قیدیوں کی رہائی اور حزب اللہ کے ساتھ معاہدے کے امکانات کو پیدا کرنے کے لیے مذاکرات سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایک اسٹریٹجک مقام پر ہیں اور ہمیں مذاکرات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے قیدیوں کی رہائی اور حزب اللہ کے ساتھ شمال میں معاہدے کے لیے راہ ہموار کرنے اور اس کے بعد علاقے میں امن قائم کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم فوجی کارروائیاں کر رہے ہیں اور ہم اس صورت حال کے لیے تیار ہو رہے ہیں کہ اگر معاہدہ نہ ہو سکے۔ ہم ہر لمحے شمال میں جنگ کے لیے تیار ہیں، لیکن یہ وہ نہیں ہے جو ہم چاہتے ہیں، اور ہم ابھی بھی معاہدے کے امکان کے لیے موقع دیکھ رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ: 1156296