QR CodeQR Code

بلوچستان، پنجاب سے تعلق رکھنے والے 23 مسافر شناخت کے بعد قتل

26 Aug 2024 11:29

نامعلوم افراد نے پنجاب اور بلوچستان کے درمیان چلنے والی گاڑیوں کو روک کر مسافروں کو نیچے اتارا اور ان پر فائرنگ کر دی۔


اسلام ٹائمز۔ بلوچستان کے ضلع موسیٰ خیل میں شدت پسندوں نے 23 مسافروں کو شناخت کے بعد فائرنگ کر کے قتل کر دیا ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر موسیِ خیل نجیب اللہ نے اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے غیر ملکی نشریاتی ادارے کو بتایا ہے کہ یہ واقعہ ضلع کے علاقے راڑہ ہاشم میں پیش آیا۔ نجیب اللہ کا کہنا تھا کہ فائرنگ کا واقعہ گزشتہ شب موسی خیل میں پولیس کے زیرِ انظام علاقے کی حدود میں پیش آیا جب نامعلوم افراد نے پنجاب اور بلوچستان کے درمیان چلنے والی گاڑیوں کو روک کر مسافروں کو نیچے اتارا اور ان پر فائرنگ کر دی۔

 
 اسسٹنٹ کمشنر کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں پانچ افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے۔ ان کا کہنا تھا شدید زخمی شخص کو علاج کے لیے ڈیرہ غازی خان منتقل کر دیا گیا ہے۔ نجیب اللہ نے بتایا کہ حملہ آوروں نے دس سے زائد گاڑیوں کو نقصان بھی پہنچایا ہے۔ تاحال اس واقعے کی ذمہ داری کسی نے قبول نہیں کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق قتل ہونے والے افراد کا تعلق پنجاب سے ہے۔
 
دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے دہشت گردی کے بدترین واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے دہشت گردوں کے حملے میں قیمتی انسانی جانوں کےضیاع پراظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ بےگناہ انسانیت کا ظالمانہ قتل پوری انسانیت کا قتل ہے، دہشت گرد ملک و قوم انسانیت کے دشمن ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ انسانیت سوز قتل میں ملوث دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
 
وزیراعظم شہباز شریف نے شدیدغم وغصے کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین کے لیے صبر و جمیل کی دعا کی۔ شہباز شریف نے مقامی انتظامیہ کو ہدایت دی کہ زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جائے، ان کا کہنا تھا کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک ہماری جنگ جاری رہےگی۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائی میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ موسی خیل کے قریب دہشت گردوں نے معصوم لوگوں کو نشانہ بناکر ظلم کا مظاہرہ کیا، سفاکیت اور ظلم کی انتہا کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں اور سہولت کار عبرتناک انجام سے بچ نہیں پائیں گے


خبر کا کوڈ: 1156212

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1156212/بلوچستان-پنجاب-سے-تعلق-رکھنے-والے-23-مسافر-شناخت-کے-بعد-قتل

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com