QR CodeQR Code

کربلا کسی خاص مسلک کی نہیں، بلکہ عالم اسلام کی ہے، ایم ڈبلیو ایم کوئٹہ

25 Aug 2024 21:38

اپنے بیان میں علامہ علی حسنین نے کہا کہ یوم عاشور کو امام حسین علیہ السلام نے کربلا میں اپنے اصحاب کے ہمراہ شہادت دی اور انکی بہن زینب بنت علی سلام اللہ علیہا نے حسین ابن علیؑ کے پیغام کو آگے بڑھایا۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے صوبائی نائب صدر و امام جمعہ علامہ علی حسنین حسینی نے کہا ہے کہ چہلم شہدائے کربلا ہمیں اسیران کربلا کی یاد دلاتا ہے۔ جنہوں نے پیغام نواسہ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام کو دنیا بھر تک پہنچایا۔ علی ابن حسین علیہ السلام اور زینب بنت علی سلام اللہ علیہا نے اپنے خطبوں اور جرات سے کربلا کو زندہ رکھا۔ مظلومین کربلا نے تمام تر مصائب کا سامنا کرتے ہوئے انسانیت کو حیات بخشی۔ ان خیالات کا اظہار علامہ علی حسنین نے 20 صفر المظفر کو روز اربعین شہدائے کربلا کے موقع پر اپنے جاری کردہ بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ یوم عاشور کو امام حسین علیہ السلام نے کربلا میں اپنے اصحاب کے ہمراہ شہادت دی اور انکی بہن زینب بنت علی سلام اللہ علیہا نے حسین ابن علیؑ کے پیغام کو آگے بڑھایا۔ وہ جہاں جہاں گئیں، انہوں نے سب کے لئے واضح کیا کہ دین اسلام کی بقاء کے لئے شہادت دینے والے امام حسینؑ کون تھے۔ آج پوری انسانیت شہدائے کربلا کو جانتی ہے اور ان کے پیغام سے آشنائی رکھتی ہے۔ اربعین کے موقع پر حضرت امام حسین علیہ السلام کے مزار کی زیارت کے لئے کربلا آنے والے دنیا بھر کے کروڑوں زائرین اس بات کی گواہی دیتے ہیں۔ عالم اسلام کے سب سے بڑے مجموعے کو دیکھ کر غیر مسلم بھی امام حسین علیہ السلام کی زندگی کا مطالعہ کرنے اور انہیں سمجھنے میں دلچسپی کا مظاہرہ کرنے لگے ہیں۔ علامہ علی حسنین نے کہا کہ زینب بنت علی سلام اللہ علیہا نے کربلا سے شام تک اسیری جھیلی اور ہر مصیبت کا سامنا کرتے ہوئے دیگر اسیروں کو سہارا دیا۔ دربار شام میں انہوں نے جو خطبہ دیا، اسے آج بھی تاریخ یاد کرتی ہے۔ حق و باطل میں فرق واضح کرنے والی عظیم خاتون زینب کبریٰ (س) کو سلام پیش کرتے ہیں۔ علامہ علی حسنین نے پیغمبر اسلام (ص) کی حدیث کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے آخری نبی (ص) نے کہا تھا کہ حسین (ع) مجھ سے ہیں اور میں حسین سے ہوں۔ یہی اس بات کی دلیل ہے کہ کربلا کسی خاص مسلک کی نہیں، بلکہ عالم اسلام کی ہے۔ بلکہ کربلا پوری انسانیت کے لئے ہے۔ اسے کسی فرقے یا مسلک سے منسلک کرکے محدود کرنے کی ناکام کوشش کی گئی، تاہم شعور اور مطالعہ رکھنے والے پیغام کربلا تک پہنچ جاتے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 1156140

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1156140/کربلا-کسی-خاص-مسلک-کی-نہیں-بلکہ-عالم-اسلام-ہے-ایم-ڈبلیو-کوئٹہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com