اسرائیلی فوجی کی حزب اللہ کی کارروائی میں ہلاکت کی تصدیق
25 Aug 2024 19:49
"عرب48" خبری ویب سائٹ نے آج شام (اتوار) کو کرانہ باختری کی بستی "گوا بنیامین" کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ حزب اللہ کی آج صبح کی کارروائی میں ایک اسرائیلی فوجی ہلاک ہوا ہے۔
اسلام ٹائمز۔ ایک اسرائیلی بستی نے خبر دی ہے کہ حزب اللہ کی کارروائی میں اسرائیلی فوج کا ایک فوجی ہلاک ہوگیا ہے۔ فارس نیوز کے مطابق "عرب48" خبری ویب سائٹ نے آج شام (اتوار) کو کرانہ باختری کی بستی "گوا بنیامین" کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ حزب اللہ کی آج صبح کی کارروائی میں ایک اسرائیلی فوجی ہلاک ہوا ہے۔ حزب اللہ نے آج صبح فؤاد شکر، اپنے سینئر کمانڈر، کی شہادت کے جواب میں شمالی اور وسطی مقبوضہ فلسطین کے فوجی مقامات کو بڑے پیمانے پر حملے کا نشانہ بنایا۔
اس کارروائی میں حزب اللہ نے مقبوضہ فلسطین کے اندر گہرائی تک پہنچنے کے لیے سینکڑوں راکٹ اور خودکش ڈرونز کا استعمال کیا۔ اسرائیلی ذرائع نے خبر دی ہے کہ ہلاک ہونے والا فوجی "داوید موشیہ شطریت" تھا اور وہ اسرائیلی بحریہ کا رکن تھا۔ اس اسرائیلی فوجی کی ہلاکت کی تصدیق کے باوجود، اسرائیلی فوج نے تاحال اس حملے میں ہونے والے نقصانات اور ہلاکتوں کے بارے میں کوئی رسمی بیان جاری نہیں کیا ہے۔
خبر کا کوڈ: 1156123