اتحاد و انسجام سے دوری ہلاکت و تباہی کا پیش خیمہ ہے، انٹرنیشنل مسلم یونٹی کونسل
25 Aug 2024 19:15
نور العین ٹرسٹ کشمیر کے چیئرمین فیاض احمد نے کہا کہ ہمیں معاشرے میں پھیل رہے بدعات، خرافات اور بے راہ روی کی روک تھام کیلئے آگے آنا ہوگا اور یہ تبھی ممکن ہے جب ہم متحد ہوجائیں۔
اسلام ٹائمز۔ انٹرنیشنل مسلم یونٹی کونسل کی ایک اہم میٹنگ کونسل کے اراکین کی موجودگی میں ضلع بڈگام کے ماگام قصبہ میں منعقد ہوئی۔ میٹنگ میں تنظیمی امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی ساتھ ہی ساتھ کونسل کا آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا گیا۔ میٹنگ کا آغاز مولانا مشتاق احمد حقنواز نے تلاوت کلام پاک سے کیا۔ اجلاس کی نظامت کے فرائض کونسل کے ترجمان اعلٰی مولانا مشتاق احمد نے انجام دئے۔ انہوں نے اپنے بیان میں اتحاد اسلامی کی اہمیت و افادیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ قرآن مجید کی واضح آیات ہمیں باہمی اتحاد کی جانب مائل کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کونسل کا بنیادی ہدف وحدت اسلامی کے لئے سعی و تلاش کرنا ہے۔ مولانا مشتاق احمد حقنواز نے مزید کہا کہ اس پُرفتن دور میں مسلمانوں کی بقا و نجات کا واحد راستہ اتحاد و بھائی چارہ ہے۔ بعدہ اپنے تفصیلی خطاب میں مولانا محی الدین نے قرآن و احادیث کی روشنی میں اتحاد اسلامی کی اہمیت و افادیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں اتحاد اسلامی کیلئے کوششیں کرنا دین اسلام کا اہم ترین تقاضا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اتحاد و انسجام سے دوری ہلاکت و تباہی کا پیش خیمہ ہے۔ مولانا محی الدین نے مزید کہا کہ ہم وقت ضائع کئے بنا اتحاد کی کوششیوں کو تیز کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ رسول اکرم (ص) نے اپنے زندگی میں مسلمانوں کو وحدت کی افادیت کے لئے عملی طور پر آمادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اتحاد اسلامی کی آبیاری کے لئے کونسل کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
اجلاس کی کارروائی جاری رکھتے ہوئے نور العین ٹرسٹ کشمیر کے چیئرمین فیاض احمد نے کہا کہ ہمیں معاشرے میں پھیل رہے بدعات، خرافات اور بے راہ روی کی روک تھام کے لئے آگے آنا ہوگا اور یہ تبھی ممکن ہے جب ہم متحد ہوجائیں۔ انہوں نے کشمیر میں تہذیبی تصادم پر بھی بات کی اور کہا کہ ہمیں اپنے روایتی اور اسلامی کلچر کو تحفظ فراہم کرنا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں سماج میں پھیلی برائیوں کا قلع قمع کرنے کے لئے ایک دوسرے کا معاون ثابت ہونا ہوگا۔ اس دوران ظہور مہدی ملک، غلام محمد میر، اکبر علی، جاوید عباس رضوی نے بھی اپنی آراء پیش کیں اور کونسل کے اہداف، اغراض و مقاصد پر تفصیلی گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ ربیع الاول کا عظیم الشان مہینہ ہمیں اتحاد کے حوالے سے زیادہ متحرک اور فعال ہونے کی ترغیب دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کونسل آئندہ مہینے مختلف علاقوں میں وحدت کانفرنسز کا انعقاد یقینی بنانے کا وعدہ بند ہے۔ اس دوران کونسل کے اراکین نے مولانا محی الدین اور فیاض احمد کی کونسل میں شمولیت پر استقبال کیا۔
خبر کا کوڈ: 1156113