چیف پراسیکیوٹر ہیگ کورٹ کیجانب سے اسرائیلی وزیراعظم و وزیر جنگ کی گرفتاری پر فوری فیصلے کا مطالبہ
24 Aug 2024 22:04
اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہ عالمی عدالت فلسطینی علاقوں میں وحشیانہ جرائم انجام دینیوالے اسرائیلیوں کے جنگی جرائم کا احتساب کرنیکی مکمل صلاحیت رکھتی ہے، بین الاقوامی فوجداری عدالت (ICC) کے چیف پراسیکیوٹر نے بین الاقوامی فوجداری عدالت کے ججوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ان مجرموں کیخلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے غاصب صیہونی وزیر اعظم و وزیر جنگ کو فوری طور پر گرفتار کرنیکا حکم دیں!
اسلام ٹائمز۔ روئٹرز کے مطابق بین الاقوامی فوجداری عدالت (ICC) کے پراسیکیوٹر جنرل کریم خان نے اس دعوے پر مبنی غاصب صیہونی رژیم کے قانونی دلائل کو مسترد کرتے ہوئے کہ مبینہ جنگی جرائم کی تحقیقات صیہونی رژیم خود کر رہی ہے، کہا ہے کہ قانون کے مطابق اور موجودہ حالات میں، بین الاقوامی فوجداری عدالت کو اس معاملے کو نمٹانے کا مکمل اختیار حاصل ہے۔ اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ فلسطینی علاقوں میں وحشیانہ جرائم کا ارتکاب کرنے والے اسرائیلیوں کے جنگی جرائم سے نمٹنے کی اس عدالت میں مکمل صلاحیت موجود ہے، کریم خان نے بین الاقوامی فوجداری عدالت کے ججوں سے جلد از جلد فیصلہ کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ ان جنگی جرائم سے نمٹنے میں ہونے والی کسی بھی قسم کی بلاجواز تاخیر، ان جرائم کے متاثرین کے حقوق کی پائمالی کا باعث ہے۔
روئٹرز کے مطابق بین الاقوامی فوجداری عدالت کے پراسیکیوٹر جنرل نے مزید کہا کہ اس بات کی معقول بنیادیں موجود ہیں کہ نیتن یاہو مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف گھناؤنے جرائم کا براہ راست ذمہ دار ہے! غاصب صیہونی رژیم کے متعدد اعلی عہدیداروں کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے فیصلے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے چیف پراسیکیوٹر عالمی فوجداری عدالت نے اعلان کیا کہ وہ عام فلسطینی شہریوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنانے سمیت مختلف الزامات کے تحت غاصب صیہونی رژیم کے اعلی عہدیداروں کی جلد از جلد گرفتاری کے خواہاں ہیں!
خبر کا کوڈ: 1155983