پشین، پولیس لائن کے قریب دھماکہ، 2 بچے جانبحق، متعدد زخمی
24 Aug 2024 11:08
پولیس کا کہنا ہے کہ دھما کے کے نتیجے میں 2 بچے جانبحق اور 10 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
اسلام ٹائمز۔ بلوچستان کے ضلع پشین میں دھماکے سے 2 بچے جاں بحق اور 10 افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق پشین میں دھماکا پولیس لائن کے قریب بازار میں ہوا۔ دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی، جبکہ دھماکے سے قریب کھڑی ایک گاڑی مکمل تباہ ہوگئی اور دیگر گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ پولیس نے تصدیق کی ہےکہ دھما کے کے نتیجے میں 2 بچے جاں بحق اور 10 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہےکہ دھماکے کے زخمیوں میں 4 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق علاقے کی ناکہ بندی کردی گئی ہے اور دھماکے کی نوعیت کا پتا لگایا جارہا ہے۔
ترجمان حکومت بلوچستان شاہد رند نے دہشت گردی کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کا افسوس ہے۔ سماج دشمن اور ریاست مخالف عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ دہشت گرد اپنے مذموم کے مقاصد کے حصول کے لیے معصوم اور بے گناہ افراد کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ انہون نے کہا کہ پشین بم دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ محکمہ صحت کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
خبر کا کوڈ: 1155868