QR CodeQR Code

کانگریس کیساتھ سیٹ شیئرنگ پر مکمل اتفاق نہیں ہوا، عمر عبداللہ

24 Aug 2024 10:29

عمر عبداللہ نے میڈیا کے ساتھ بات چیت کے دوران کہا کہ نیشنل کانفرنس عوام کے سامنے ایسا منشور لے کر آئی ہے جو کوئی بھی سیاسی جماعت نہیں لا سکتی۔


اسلام ٹائمنز۔ جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس (این سی) کی سینیئر لیڈر اور سابق ایم ایل اے سکینہ ایتو نے جنوبی کشمیر کے کولگام ضلع کی دمحال ہانجی پورہ اسمبلی سیٹ کے لئے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ سکینہ ایتو کو دمحال ہانجی پورہ اسمبلی نشست کے لئے سب سے مضبوط امیدوار کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ کاغذات نامزدگی داخل کرنے کے دوران سکینہ ایتو کے ہمراہ سابق وزیراعلیٰ اور نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ بھی تھے۔

اس موقع پر عمر عبداللہ نے میڈیا کے ساتھ بات چیت کے دوران کہا کہ نیشنل کانفرنس عوام کے سامنے ایسا منشور لے کر آئی ہے جو کوئی بھی سیاسی جماعت نہیں لا سکتی۔ انہوں نے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوام نیشنل کانفرنس کو اگلے پانچ برس کے لئے خدمت کرنے کا موقع دے گی۔ اسمبلی الیکشن میں کانگریس کے ساتھ اتحاد اور سیٹ شیئرنگ کے حوالہ سے عمر عبداللہ نے کہا کہ بیشتر سیٹوں پر طرفین راضی ہو چکے ہیں، جبکہ کچھ سیٹوں پر ابھی اتفاق ہونا باقی ہے، کچھ سیٹوں پر کانگریس اڑی ہوئی ہے، کچھ نشتوں پر ہم اڑے ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ اسمبلی انتخابات میں این سی اور کانگریس نے متحدہ طور الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے اور پہلے مرحلے کے لئے امیدواروں کی لسٹ بھی شائع کی گئی ہے۔ کانگریس کے سپورٹ سے نیشنل کانفرنس نے سکینہ ایتو کو کولگام ضلع کی دمحال ہانجی پورہ نشست سے میدان میں اتار ہے۔ اس اسمبلی حلقہ میں کل 99,037 اہل رائے دہندگان رجسٹرڈ ہیں، حد بندی کے بعد نور آباد حلقے کو دمحال ہانجی پورہ کے ساتھ ملایا گیا۔

اس نشست پر جموں کشمیر اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے میں 18 ستمبر کو پولنگ ہوگی۔ 2014ء کے اسمبلی انتخابات میں سکینہ ایتو، پی ڈی پی امیدوار عبدالمجید پڈر سے ہار گئیں تھیں۔ عبدالمجید پڈر اب جموں کشمیر اپنی پارٹی کے ساتھ ہیں۔ عبدالمجید پڈر کے علاوہ پی ڈی پی کے گلزار احمد ڈار اور عوامی اتحاد پارٹی کے محمد عارف ڈار بھی میدان میں ہیں تاہم کانگریس کے سپورٹ سے سکینہ ایتو کو مضبوط امیدوار مانا جا رہا ہے۔


خبر کا کوڈ: 1155862

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1155862/کانگریس-کیساتھ-سیٹ-شیئرنگ-پر-مکمل-اتفاق-نہیں-ہوا-عمر-عبداللہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com