کچے میں پولیس پر راکٹ حملوں کی جوابی کارروائی، ڈاکوؤں کا سرغنہ مارا گیا
23 Aug 2024 14:34
پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ رحیم یار خان میں کچے کے علاقے میں گزشتہ رات سے پولیس ایکشن جاری ہے۔ آخری حملہ آور کے خاتمے تک ڈاکوؤں کا پیچھا جاری رہے گا۔
اسلام ٹائمز۔ کچے کے علاقے میں پولیس پر راکٹ حملوں کی جوابی کارروائی میں ڈاکوؤں کا سرغنہ بشیر شر مارا گیا اور اس کے پانچ ساتھی ڈاکو شدید زخمی ہوئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر پولیس نے برق رفتار آپریشن کرتے ہوئے رحیم یار خان میں کچے کے علاقے میں راکٹ حملے میں ملوث گینگ کو گھیر لیا۔ پولیس ٹیم کی کارروائی کے دوران ڈاکوؤں کا سرغنہ بدنام زمانہ بشیر شر مارا گیا جب کہ اس کے 5 ساتھی بری طرح زخمی ہو گئے۔ زخمی ہونے والے ڈاکوؤں میں ثنا اللہ شر، گدا علی، کملو شر، رمضان شر اور گدی شامل ہیں۔ پولیس کی اس جوابی کارروائی میں مزید ڈاکوؤں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔
پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ رحیم یار خان میں کچے کے علاقے میں گزشتہ رات سے پولیس ایکشن جاری ہے۔ آخری حملہ آور کے خاتمے تک ڈاکوؤں کا پیچھا جاری رہے گا۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بشیر شر کی ہلاکت پر پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ کچے کے علاقے کو ڈاکوؤں سے پاک کرنے کا عزم پورا کریں گے۔ پولیس کے شہدا کی قربانیاں بھول نہیں سکتے۔
خبر کا کوڈ: 1155715