عوامی اتحاد پارٹی کشمیر نے 9 اسمبلی حلقوں کیلئے امیدواروں کا اعلان کردیا
23 Aug 2024 12:00
عوامی اتحاد پارٹی کے ترجمان انعام النبی نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ اسمبلی انتخابات کے امیدواروں کی یہ فہرست سول سوسائٹی اور عوامی مشاورت کے بعد سامنے لائی گئی ہے۔
اسلام ٹائمز۔ جیل میں بند عبدالرشید شیخ المعروف انجینئر رشید کی عوامی اتحاد پارٹی (اے آئی پی) سے وابستہ افراد نے سرینگر میں ایک پریس کانفرنس کا انعقاد کیا۔ اے آئی پی کے ترجمان اعلیٰ انعام النبی نے 9 امیدواروں کے ناموں کا باضابطہ طور اعلان کیا جو کہ جنوبی کشمیر سے ’اے آئی پی‘ کی تخت پر انتخابات میں حصہ لیں گے۔ اے آئی پی نے پانپور حلقے سے عبد القیوم میر کو میدان میں اتارا ہے، جبکہ ترال اسمبلی حلقے سے حال ہی میں پی ڈی پی سے کنارہ کشی اختیار کر چکے ڈی ڈی سی ممبر ہربخش سنگھ کو مینڈیٹ دیا گیا ہے۔ اسی طرح صوفی اقبال پلوامہ اور زینہ پورہ شوپیاں سے مولوی فیاض وگے اے آئی پی کی نمائندگی کرنے جا رہے ہے۔
انعام النبی نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ اسمبلی انتخابات کے امیدواروں کی یہ فہرست سول سوسائٹی اور عوامی مشاورت کے بعد سامنے لائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا اس وقت دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کے علاوہ کئی سابق ایم ایل اے اور ایم ایل سیز مینڈیٹ کی خاطر پارٹی قیادت سے رابطہ کر رہے ہیں تاہم جیل میں بند عوامی اتحاد پارٹی کے بانی انجینئر رشید کی ہدایت ہے کہ لوگوں اور پارٹی قیادت سے مشورے سے ہی امیدواروں کو منڈیٹ دیا جائے۔
اس موقع پر پارٹی کے سینیئر لیڈر اشتیاق قادر نے کہا کہ عوامی اتحاد پارٹی کے بانی اور جیل میں بند انجینر رشید نے پارلیمانی انتخابات میں شمالی کشمیر میں جیت درج کرکے سب کو چونکا دیا تھا۔ ایسے میں پارٹی اسمبلی انتخابات کے دوران بھی عوامی اتحاد کی بنیاد پر بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لئے پُرامید ہے اور عوامی اتحاد پارٹی دیگر مقامی سیاسی جماعتوں کے مقابلے میں ایک متبادل کے طور پیش کررہی ہے۔ اس موقع پر کئی ڈی ڈی سی ممبران کے علاوہ دیگر اہم شخصیات نے عوامی اتحاد پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔
خبر کا کوڈ: 1155664