دفعہ 370 پر کانگریس کو اپنا موقف واضح کرنا چاہیئے، ترون چُگ
23 Aug 2024 11:16
بی جے پی کے لیڈر نے کہا کہ اگر راہل گاندھی اور فاروق عبداللہ کی پارٹی کے درمیان کوئی سمجھوتہ ہے، تو یہ کوئی تعجب کی بات نہیں ہے، یہ جماعتیں پہلے بھی الیکشن لڑنے کے لئے اکٹھی ہوئی تھیں۔
اسلام ٹائمز۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری اور جموں و کشمیر امور کے انچارج ترون چُگ نے کانگریس لیڈر راہل گاندھی جو جموں و کشمیر کے دو روزہ دورہ پر ہیں کی جانب سے دفعہ 370 پر موقف واضح نہ کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا۔ بی جے پی کے قومی جنرل سکیرٹری ترون چُگ نے جموں میں صحافیوں کو بتایا کہ کانگریس کو آرٹیکل 370 اور 35 اے کی منسوخی پر اپنا موقف واضح کرنا چاہیئے۔ راہل گاندھی نے بھی جموں کشمیر میں یہ واضح نہیں کیا ہے کہ ان کی پارٹی کا موقف کیا ہے۔ وہ آرٹیکل 370 پر بات نہیں کرتے۔
انہوں نے کہا کہ یہ بی جے پی کی سخت محنت تھی جس نے راہل گاندھی کے لئے سرینگر میں عوامی مقامات پر جا کر آئس کریم اور مقامی کھانا کھانے کو ممکن بنایا۔ وہ لوگ جنہوں نے ماضی میں یہاں کے حالات کی وجہ سے جموں و کشمیر کا دورہ بھی نہیں کیا جیسے راہل گاندھی، اب اپنی بہن کے ساتھ کشمیر آتے ہیں، برف کے بارے میں بات کرتے ہیں اور کبھی لال چوک پر آئس کریم کھاتے ہیں۔ یہ وہی لال چوک ہے جہاں پتھراؤ ہوا کرتا تھا، جہاں پاکستان کا جھنڈا لہرایا جاتا تھا۔ آج راہل گاندھی اسی لال چوک پر آئس کریم کھا رہے ہیں۔
بی جے پی کے لیڈر نے کہا کہ اگر راہل گاندھی اور فاروق عبداللہ کی پارٹی کے درمیان کوئی سمجھوتہ ہے، تو یہ کوئی تعجب کی بات نہیں ہے، یہ جماعتیں پہلے بھی الیکشن لڑنے کے لئے اکٹھی ہوئی تھیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بی جے پی جموں و کشمیر میں پوری طاقت کے ساتھ کام کر رہی ہے اور بی جے پی کی محنت اور عزم کی وجہ سے وہ ترقی اور ترقی کی راہ پر آگے بڑھ رہی ہے۔ بدھ کو راہل گاندھی، ملکارجن کھرگے اور وینوگوپال جموں و کشمیر کے دو روزہ دورے پر پہنچے تھے۔
خبر کا کوڈ: 1155660