QR CodeQR Code

اسمبلی انتخابات میں ہم خیال جماعتوں کیساتھ سیٹ شیئرنگ کرسکتے ہیں، طارق حمید قرہ

21 Aug 2024 21:07

پردیش کانگریس کمیٹی کا سربراہ ہم ہر اس شخص سے ہاتھ ملانے کیلئے تیار ہیں جو بی جے پی کی پالیسیوں اور اس کے کام کے طریقے کی مخالفت کرتا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے نو منتخب صدر طارق حمید قرہ کو 16 اگست کو پردیش کانگریس کمیٹی کا سربراہ اس وقت مقرر کیا گیا، جب الیکشن کمیشن نے جموں و کشمیر میں 18، 25 ستمبر اور 1 اکتوبر کو، جبکہ 4 اکتوبر کو ووٹوں کی گنتی کے ساتھ اسمبلی انتخابات کا اعلان کیا۔ پردیش کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریٹری غلام احمد میر، جموں و کشمیر کانگریس کے ورکنگ پریزیڈنٹ تارا چند، رمن بھلا اور دیگر سینیئر لیڈروں کے ساتھ طارق قرہ کے سرینگر سے جموں پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا گیا اور جموں ائیر پورٹ سے ایک جلوس کے ساتھ انہیں پارٹی ہیڈ کوارٹر ریذیڈنسی جموں تک لے جایا گیا۔ جموں میں طارق حمید قرہ نے ایک بیان میں کہا کہ کانگریس کا موقف (قبل از انتخابات اتحاد پر) بالکل واضح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہر اس شخص سے ہاتھ ملانے کے لئے تیار ہیں جو بی جے پی کی پالیسیوں اور اس کے کام کے طریقے کی مخالفت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دروازے ہر اس شخص کے لئے کھلے ہیں جو بی جے پی کے ایجنڈے کے خلاف ہے۔

جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے منشور کے بارے میں پوچھے جانے پر جس میں دوسری چیزوں کے ساتھ دفعہ 370 کی بحالی کے بارے میں بات کی گئی ہے، انہوں نے کہا کہ کانگریس اگست 2019ء میں آئینی شق کو منسوخ کرنے کے اگلے دن کانگریس ورکنگ کمیٹی کے ذریعہ منظور کردہ اپنی قرارداد کے ساتھ کھڑی ہے۔ طارق حمید قرہ نے کہا کہ کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی کی ’بھارت جوڑو ریلی‘ کے بعد جموں و کشمیر میں ایک اچھا احساس پایا جاتا ہے اور ان کا محبت اور بھائی چارے کا پیغام ہر طرف گونج رہا ہے۔ قبل ازیں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس لیڈر نے بی جے پی پر حملہ کیا اور کہا کہ انہوں نے جموں و کشمیر میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو بگاڑنے کا کام کیا۔


خبر کا کوڈ: 1155350

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1155350/اسمبلی-انتخابات-میں-ہم-خیال-جماعتوں-کیساتھ-سیٹ-شیئرنگ-کرسکتے-ہیں-طارق-حمید-قرہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com