امت مسلمہ بیدار ہو اور اسرائیل کے اس جارہانہ حملے کا منہ توڑ جواب دے، تاجر رہنما
1 Aug 2024 20:50
تاجر رہنمائوں نے اپنے مذمتی اجلاس میں کہا ہے کہ پاکستان کی حکومت کو اسرائیل کو دہشت گرد ڈکلیر کرنا چاہیئے، اسمعیل ہانیہ کی شہادت مسجد اقصی کی آزادی اور اسرائیل کی ناجائز ریاست کے خاتمے کی جدوجہد کو تیز تر کرے گی۔
اسلام ٹائمز۔ مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے مرکزی قائمقام چیئرمین شیخ اکرم حکیم، جنوبی پنجاب کے صدر شیخ جاوید اختر، ضلع ملتان کے صدر سیدجعفر علی شاہ، ملتان کے صدر خالد محمود قریشی، میاں تنویر لنگاہ، پیپر مارکیٹ کے صدر چوہدری عبدالحمید جٹ، ملتان کے نائب صدر چوہدری عبدالمنان گوندل، سورج میانی کے صدر کفایت حسین صدیقی، ملتان کے سنیئر وائس چیئرمین شیخ الطاف حسین، نے کہا ہے کہ حماس کے سربراہ فلسطین کے سابق وزیراعظم کی تہران میں اسرائیل کی طرف سے ٹارگٹ کلنگ کی مذمت کرتے ہیں امت مسلمہ بیدار ہو اور اسرائیل کے اس جارہانہ حملے کا منہ توڑ جواب دے۔ اسماعیل ہانیہ فلسطینی مسلمانوں کی ایک جاندار آواز تھی جنہوں نے ہر مشکل وقت میں فلسطینی مسلمانوں کی آواز کو بلند کیا۔ اسمعیل ہانیہ کی شہادت پر امت مسلمہ اور انسانیت کا درد رکھنے والے سب اقوام افسردہ اور غمزدہ ہیں اسمعیل ہانیہ جدوجہد کا استعارہ اور دنیا بھر کے مزاحمت کاروں کیلئے مشعل راہ تھے۔ تہران میں ان پر حملہ بین الاقوامی قوانین کے تحت اسرائیل کی کھلی جارحیت ہے اسرائیلی درندگی کو روکنے کیلئے اقوام عالم کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا، امت مسلمہ کے حکمرانوں کو ڈر اور خوف سے نکل کر عملی طور پر اہل فلسطین کا ساتھ دینا چاہیے۔ ملک بھر میں اسمعیل ہانیہ کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی جائے گی، پاکستان کی حکومت کو اسرائیل کو دہشت گرد ڈکلیر کرنا چاہیئے، اسمعیل ہانیہ کی شہادت مسجد اقصی کی آزادی اور اسرائیل کی ناجائز ریاست کے خاتمے کی جدوجہد کو تیز تر کرے گی۔
خبر کا کوڈ: 1151383