QR CodeQR Code

 مطالبات نہ مانے گئے تو یہ تحریک حکومت گرائو تحریک میں بدل جائے گی، حافظ نعیم الرحمن 

1 Aug 2024 20:44

 راولپنڈی عوامی دھرنا کے ساتویں روز پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے امیر کا کہنا تھا کہ حکومت سے مذاکرات میں یہ بات سامنے رکھی ہے کہ آئی پی پیز کے معاہدات کو سامنے لایا جائے، جن کے معاہدوں کو ریوائز کیا جا سکتا ہے ان کو ریوائز کیا جائے، جو معاہدے خلاف قانون اور غلط ہیں ان کو فی الفور ختم کیا جائے اور مجرموں کو سزا دی جائے۔


اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کراچی کی بزنس کمیونٹی کے ہمراہ راولپنڈی عوامی دھرنا کے ساتویں روز پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کو دو دن دیتے ہیں، مطالبات پر حکمرانوں نے کوئی پیش رفت نہ دکھائی تو ساری بات چیت دھرنے میں میڈیا کے سامنے ہوگی، قوم کو بتائیں آپ کو اخراجات کم کرنے میں کیا پریشانی ہے، کسی کو دھوکہ دینے کی کوشش نہیں کرنے دیں گے، مطالبات نہ مانے گئے تو یہ تحریک حکومت گراو تحریک میں بدل جائے گی۔ کوئی خلاف آئین کام، جلائو گھیرائو یا نقصان نہیں کریں گے، کسی کو موقع نہیں دیں گے کہ انتشار پھیلائے۔ حکمران اپنے دھندے اور عیاشیاں ختم کریں، بتایا جائے حکومتی اخراجات میں 25 فیصداضافہ کیوں کر دیا گیا۔ گاڑیاں وزیروں مشیروں اور بیوروکریسی کی چلیں اور پٹرول کے پیسے عوام برداشت کریں یہ اب نہیں چلے گا۔ بیوروکریسی کی بجلی، گیس اور پانی کے پیسے قوم کے ٹیکس سے ادا کرنا بند کرو، ماہانہ ایک ہزار ارب روپے کی کرپشن صرف ایف بی آر میں ہوتی ہے۔ نائب امرا لیاقت بلوچ، میاں اسلم، ڈاکٹر عطا الرحمن، سیکرٹری جنرل امیر العظیم، سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف، تاجر رہنما کاشف چوہدری، امیر راولپندی عارف شیرازی و دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کراچی سے بزنس انڈسٹری کے نمائندوں کو دھرنے میں شرکت پر ویلکم کرتے ہیں۔ حکومت لوگوں کو کہنے کی کوشش کر رہی ہے کہ جماعت اسلامی کے مطالبات قابل عمل نہیں ہیں، جماعت اسلامی نے سب مطالبات کے قابل عمل ہونے کا لائحہ عمل بھی دیا ہے لہذا یہ بات قبول نہیں کی جا سکتی کہ ہمارے مطالبات منظور نہیں کیے جا سکتے۔ حکومت سے مذاکرات میں یہ بات سامنے رکھی ہے کہ آئی پی پیز کے معاہدات کو سامنے لایا جائے، جن کے معاہدوں کو ریوائز کیا جا سکتا ہے ان کو ریوائز کیا جائے، جو معاہدے خلاف قانون اور غلط ہیں ان کو فی الفور ختم کیا جائے اور مجرموں کو سزا دی جائے۔ جنہوں نے ان معاہدات کے نتیجے میں قوم کے پیسے پر ڈاکہ ڈالا ہے ان کو سزا ملنی چاہیے۔ مہنگی بجلی کے پیسے اور کیپسٹی چارجز عوام کیوں برداشت کریں۔ حکومت کہتی ہے آئی ایم ایف کے معاہدے کی خلاف ورزی نہیں کر سکتے۔ ان سے پوچھتے ہیں آئی ایم ایف کے معاہدوں میں تو تعلیم، صحت اور اشیائے خوردونوش پر ٹیکس نہ لگانے کی بات ہے پھر حکومت ایک طرف خود خلاف ورزی کر رہے ہیں اور دوسری طرف طرف ہمارے مطالبات منظور نہیں کیے جا سکتے۔

امیر جماعت نے کہا دھرنے کا ساتواں دن ہے اور ہم حقیقی مطالبات کو لے کر اٹھے ہیں، کراچی سے انڈسٹریلسٹ اگر دھرنے میں شریک ہوئے ہیں تو یہ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ لوگ ہمارے مطالبات کی حمایت کر رہے ہیں اور ملک کا سب سے بڑا بزنس مین اور انڈسٹریلسٹ مشکل میں ہے۔ ہم اسلام آباد جا سکتے تھے اور ڈی چوک پر بیٹھ سکتے ہیں۔ لیکن تصادم کا راستہ ہم کبھی اختیار نہیں کریں اور نہ ملک کسی تصادم کا متحمل نہیں ہو سکتا۔


خبر کا کوڈ: 1151380

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1151380/مطالبات-نہ-مانے-گئے-یہ-تحریک-حکومت-گرائو-میں-بدل-جائے-گی-حافظ-نعیم-الرحمن

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com