شہید اسماعیل ہنیہ شوق شہادت سے سرشار انتھک مجاہد تھے، علامہ مقصود ڈومکی
31 Jul 2024 20:41
اپنے بیان میں علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ شہید راہ حق اسماعیل ہنیہ تحریک آزادی فلسطین کی راہ میں اپنے جوان بیٹوں اور پوتوں سمیت خاندان کے عزیزوں کی قربانی دیکر خود درجہ شہادت پر فائز ہوئے۔
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی نے غاصب اسرائیل کے ہاتھوں تحریک آزادی فلسطین کے عظیم ہیرو مجاہد اسلام شہید اسماعیل ہنیہ کے قتل کو بدترین دہشت گردی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہدائے راہ حق کے پاکیزہ لہو کے سبب عنقریب فلسطین آزاد ہوگا۔ غاصب اسرائیل کے ہاتھوں اولیائے خدا کا خون بہایا جا رہا ہے۔ اسرائیل عصر حاضر کا فرعون بن کر گذشتہ دس ماہ میں اب تک چالیس ہزار مظلوم فلسطینیوں کا خون بہا چکا ہے، جبکہ اسرائیل نے اپنے ناجائز وجود سے لے کر اب تک جو خون ریزی کی ہے، وہ اس کے علاوہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید اسماعیل ہنیہ شوق شہادت سے سرشار انتھک مجاہد تھے۔ شہید راہ حق اسماعیل ہنیہ تحریک آزادی فلسطین کی راہ میں اپنے جوان بیٹوں اور پوتوں سمیت خاندان کے عزیزوں کی قربانی دے کر خود درجہ شہادت پر فائز ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے ہمیشہ تحریک آزادی فلسطین کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔ انقلاب اسلامی دنیا کے مظلوموں کی پناہ گاہ ہے۔ فلسطین کی مظلوم قوم کی حمایت انقلاب اسلامی کے بنیادی اصولوں میں شامل ہے۔ چالاک اور مکار دشمن اس حساس موقع پر فرقہ وارانہ منافرت کو ہوا دے کر انقلاب اسلامی اور مقاومتی محاذ کے خلاف زہر اگل رہا ہے۔ بعض نادان دوست اپنی نادانی کے سبب دشمن کی سازش کا حصہ بن کر اس حساس مرحلے میں تحریک آزادی فلسطین کو کمزور کر رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ: 1151156