یوکرین کے حملے کے بعد روسی آئل ریفائنری میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا
30 Jul 2024 11:21
کورسک ریجن کے قائم مقام گورنر الیکسی سمرنوف کا کہنا ہے کہ اتوار کی صبح سویرے یوکرین کے ڈرون حملے سے ایندھن کے تین ٹینک متاثر ہوئے۔ اس حملے میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔
اسلام ٹائمز۔ منگل کو روس نے اعلان کیا کہ یوکرین کے ڈرون حملے کے بعد اس کی ایک ریفائنری میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا ہے۔ فارس نیوز کے مطابق روسی حکام نے منگل کو اعلان کیا کہ انہوں نے یوکرین کے ڈرون حملے کی وجہ سے ملک کی ایک ریفائنری میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا ہے۔ ماسکو ٹائمز اخبار نے لکھا ہے کہ یہ یوکرائنی ڈرون حملہ اتوار کو ہوا۔ کورسک ریجن کے قائم مقام گورنر الیکسی سمرنوف نے کہا کہ ہمارے فائر فائٹرز نے تیل کے گودام میں لگی آگ پر قابو پالیا ہے۔
سمرنوف نے مزید کہا کہ اتوار کی صبح سویرے یوکرین کے ڈرون حملے سے ایندھن کے تین ٹینک متاثر ہوئے۔ اس حملے میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔ یوکرائنی فوج نے دعویٰ کیا کہ اس کے ڈرون نے یوکرائنی سرحد کے دوسری جانب کورسک کے جنوب مغرب میں پولیوا آئل ڈپو پر حملہ کیا۔ یوکرین کا دعویٰ ہے کہ یہ ایندھن کے یہ ٹینک روسی مسلح افواج کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے استعمال کئے جاتے ہیں۔ حالیہ ہفتوں میں، مغرب کی طرف سے عطیہ کیے گئے ڈرونز کی مدد سے، کیف نے درجنوں روسی توانائی کی تنصیبات اور تیل ذخیرہ کرنے کی مراکز کو نشانہ بنایا ہے۔ حال ہی میں امریکی کمپنی بوئنگ نے یوکرین کے ساتھ ڈرون بنانے کا معاہدہ کیا ہے۔
خبر کا کوڈ: 1151063