QR CodeQR Code

سردار محمد ابراہیم خان نے ساری زندگی کشمیریوں کی آزادی، کشمیریوں کے تشخص اور اداروں کے استحکام کے لئے کام کیا، راجہ سجاد

31 Jul 2024 09:58

اپنے ایک بیان میں صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن آزاد کشمیر کا کہنا ہے کہ مرحوم کشمیری رہنما با اصول اور باکردار سیاست دان تھے، جنہوں نے اصولوں پر کبھی سودے بازی نہیں کی۔


اسلام ٹائمز۔ صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن آزاد کشمیر راجہ سجاد احمد خان ایڈووکیٹ نے آزاد کشمیر کے بانی صدر تحریک آزادی کشمیر کے ہیرو غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان کی برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان نے تحریک آزادی کشمیر میں عملاً حصہ لیا، کشمیریوں نے 19 جولائی کو جس پلیٹ فارم سے الحاق پاکستان کی قرارداد منظور کی اور وہ اجلاس غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان کی رہائش گاہ سرینگر میں منعقد ہوا تھا۔ انہوں نے کہا کہ غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان نے ساری زندگی کشمیریوں کی آزادی، کشمیریوں کے تشخص اور اداروں کے استحکام کے لئے کام کیا۔ مرحوم کشمیری رہنما با اصول اور باکردار سیاست دان تھے۔ جنہوں نے اصولوں پر کبھی سودے بازی نہیں کی اور اپنے موقف پر ہمیشہ ڈٹے رہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ تحریک آزادی کشمیر میں جس طرح غازی ملت نے قومی قیادت کا فریضہ سر انجام دیا اور جس ولولہ اور جوش سے عملاً تحریک کا حصہ رہے وہ تاریخ کا ایک درخشاں باب ہے۔

بانی صدر آزاد کشمیر نے نہ صرف کشمیر  کی آزادی کو اپنا اولین مقصد سمجھا بلکہ عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کے کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کے لئے لازوال جدوجہد کی۔ انہوں نے کہا کہ سردار محمد ابراہیم خان نے پاکستان کے ساتھ تعلق کو مضبوط بنانے کے لئے ناقابل فراموش کردار ادا کیا۔ وہ سچے کشمیری اور پاکستان سے بے پناہ محبت کرنے والے اصول پسند سیاست دان تھے، غازی ملت کی سیاسی زندگی ہم سب کے لئے مشعل راہ ہے۔ سیاست کے میدان میں اصول پسندی، دیانت داری، عوام سے محبت اور ریاست کے تشخص کے لئے جو کارہائے نمایاں انہوں نے سرانجام دیے وہ قابل تعریف اور قابل تقلید ہیں۔


خبر کا کوڈ: 1151025

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1151025/سردار-محمد-ابراہیم-خان-نے-ساری-زندگی-کشمیریوں-کی-ا-زادی-کے-تشخص-اور-اداروں-استحکام-لئے-کام-کیا-راجہ-سجاد

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com