نیلم میں سیاحت کا بے پناہ پوٹینشل موجود ہے، مظیر سعید شاہ
30 Jul 2024 10:37
رتی گلی سڑک کی بحالی کے موقع پر وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ حکومت سیاحوں کو بہترین سفری سہولیات کی فراہمی کیلئے شاہراہ نیلم کی تعمیر سمیت رابطہ سڑکوں کی بحالی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کر رہی ہے۔
اسلام ٹائمز۔ وزیر اطلاعات آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر مولانا پیر محمد مظہر سعید شاہ نے انتظامیہ اور لوکل منتخب نمائندوں کے ہمراہ رتی گلی سڑک کو ٹریفک کیلئے بحال کر دیا۔ وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق کو ویڈیو لنک کے ذریعے رتی گلی جھیل کا نظارہ کرایا گیا۔ اس موقع پر لوکل منتخب نمائندوں نے وزیراعظم آزاد کشمیر کا خصوصی دلچسپی لیتے ہوئے رتی گلی رابطہ سڑک کی بحالی پر شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے رتی گلی رابطہ سرک کی بحالی کیلئے پانچ قلیوں کی تعیناتی کا اعلان کیا۔ اس موقع پروزیر اطلاعات پیر مظہر سعید شاہ نے کہا کہ حکومت سیاحوں کو بہترین سفری سہولیات کی فراہمی کیلئے شاہراہ نیلم کی تعمیر سمیت رابطہ سڑکوں کی بحالی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کر رہی ہے، حکومت سیاحت کے فروغ کیلئے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت مقامی افراد کیلئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیلم میں سیاحت کا بے پناہ پوٹینشل موجود ہے، مقامی کلچر کے فروغ اور مقامی پیداوار میں اضافہ سے سیاحتی صنعت مزید ترقی کرے گی، شہری لائیو سٹاک اور زرعی پیداوار میں اضافہ کرکے اپنی آمدنی میں اضافہ کریں۔ انتظامیہ کے ہمراہ رتی گلی سڑک کی کشادگی کے معائنے کے دوران انھوں کہا کہ رتی گلی دنیا کی خوبصورت ترین جھیل اور سیاحوں کیلئے انتہائی پرکشش سیاحتی مقام ہونے کے ساتھ ساتھ یہاں کی مقامی آبادی کے روزگار کا ذریعہ بھی ہے۔ مقامی آبادی کو مستفید کرنے اور سیاحوں کی سفری سہولیات کیلئے محکمہ شاہرات نے مسلسل کوششوں کے بعد رتی گلی جھیل کو آج سیاحوں کیلئے کھول دیا ہے۔ وزیر اطلاعات پپر مظہر سعید شاہ نے رتی گلی سڑک کی کشادگی کا معائنہ کیا اور رابطہ سڑک کو آف روڈ ڈرائیو کیلئے موزوں قرار دیا اور رتی گلی سڑک کی بحالی کیلئے کام کرنے والے محکمہ شاہرات کے اہلکاران اور مشین آپریٹر کو نقد انعامات بھی دیے۔ پیر مظہر سعید شاہ نے ٹرانسپورٹ کے متعلق ٹرانسپورٹرز، ٹور آپریٹرز اور ڈرائیورز سے مسائل سنے اور موقع پر ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام سٹیک ہولڈرز شہریوں، سیاحوں کو بہترین سفری سہولیات کی فراہمی کیلئے ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی جانب سے ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ انتظامیہ پرمٹ اور فتنس سرٹیفیکیٹس کی چیکنگ کو یقینی بنائے۔بغیر لائنسس اور کم عمر ڈرائیورز کے خلاف کارروائی کی جائے۔ انہوں نے انتظامیہ کو سیاحون کو دی جانے والی سہولیات کے معیار اور انراخ کی باقاعدگی کے ساتھ چیکنگ کی ہدایت کی۔ اوورلوڈنگ اور اوور چارجنگ کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی ہدایت بھی کی۔
خبر کا کوڈ: 1150826