وزیراعظم آزاد کشمیر کا مون سون کے پیش نظر تمام سڑکوں کی بحالی کیلئے ممکنہ اقدامات کا حکم
30 Jul 2024 09:36
گزشتہ روز وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق کی زیر صدارت آزاد کشمیر میں مون سون کی بارشوں سے ہونے والے نقصانات اور سڑکوں کی بندش کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔
اسلام ٹائمز۔ وزیراعطم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوار الحق نے مون سون کے پیش نظر آزاد کشمیر کی تمام سڑکیں ٹریفک کیلئے بحال رکھنے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کا حکم دیا ہے اور تمام متعلقہ محکموں کے افسران اور سٹاف کی 2 ماہ کیلئے چھٹیاں منسوخ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ گزشتہ روز وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق کی زیر صدارت آزاد کشمیر میں مون سون کی بارشوں سے ہونے والے نقصانات اور سڑکوں کی بندش کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیر مواصلات چوہدری اظہر صادق اور چیف سیکرٹری داؤد محمد بڑیچ نے شرکت کی جبکہ ڈائریکٹر جنرل اسٹیٹ ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی مسعودالرحمن، کمشنر اور ڈی آئی جی مظفرآباد اور آفیسران این ایچ اے ویڈیو لنک پر موجود تھے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے اسٹیٹ ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی، 1122، این ایچ اے، پولیس، انتظامیہ، شاہرات اور دیگر متعلقہ اداروں کے آفیسران اور سٹاف کی آئندہ 2 ماہ کیلئے چھٹیاں منسوخ کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ محکمہ جات کسی بھی ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار رہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ تمام سڑکوں کو ٹریفک کیلئے بحال رکھنے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ کوہالہ سے مظفرآباد کے لئے متبادل 7 کلومیٹر روڈ کو ہیوی ٹریفک کے لئے بحال کرنے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں، وزیراعظم نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ بارشوں کے دوران تمام عملہ ٹریفک کی بحالی کے موقع پر موجود رہے تاکہ کسی بھی قسم کا جانی نقصان نہ ہو۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ سڑکوں کی بندش اور بحالی کے حوالہ سے روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ دی جائے۔
خبر کا کوڈ: 1150812