QR CodeQR Code

چینی حکومت ایران کیساتھ جامع تعاون کے معاہدے پر جلد عملدرآمد کی خواہاں ہے، زونگ پی وو

28 Jul 2024 23:02

قائمقام ایرانی وزیرخارجہ کیساتھ ملاقات میں تہران میں چینی سفیر نے ایران کیساتھ جامع تعاون کے معاہدے پر جلد عملدرآمد پر مبنی چینی حکومت کی خواہش پر تاکید کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ انکے ملک کیجانب سے ایک اعلی سطحی وفد منتخب ایرانی صدر کی تقریب حلف برداری میں شرکت کریگا


اسلام ٹائمز۔ تہران میں عوامی جمہوریہ چین کے سفیر زونگ پی وو نے آج قائم مقام ایرانی وزیر خارجہ ڈاکٹر علی باقری کے ساتھ ملاقات کی ہے جس میں دو طرفہ تعلقات کی تازہ ترین پیشرفت کے ساتھ علاقائی و بین الاقوامی تعاون کے میدان میں بھی اہم تبادلۂ کیا گیا۔

ایرانی خبررساں ایجنسی فارس نیوز کے مطابق اس ملاقات میں قائم مقام ایرانی وزیر خارجہ ڈاکٹر علی باقری نے اسلامی جمہوریہ ایران و عوامی جمہوریہ چین کے درمیان باہمی تعاون کی وسیع صلاحیتوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے اسے مزید آگے بڑھانے کے لئے دونوں ممالک کے رہنماؤں و حکومتوں کے سنجیدہ ارادے پر تاکید کی اور شنگھائی تعاون تنظیم و برکس گروپ سمیت تمام کثیرالجہتی میکانزموں میں بین الاقوامی سطح کے دو بااثر کھلاڑیوں کے طور پر ایران و چین کے درمیان باہمی تعاون کے فروغ کو دونوں ممالک کے ترقی پذیر باہمی تعاون کی تکمیل قرار دیا۔

اس ملاقات میں ڈاکٹر علی باقری نے غزہ کی تازہ ترین صورتحال پر چین کے اصولی موقف و نقطۂ نظر کو بھی مثبت و تعمیری قرار دیا اور جعلی صیہونی رژیم کے کھلے جنگی جرائم و نسل کشی پر مبنی گھناؤنے اقدامات کو فی الفور اور غیر مشروط طور پر روکنے کے لئے باہمی مشاورت کو مضبوط بنانے پر زور دیا۔

دوسری جانب چینی سفیر زونگ پی وو نے بھی چین میں حکمراں جماعت کی 20ویں مرکزی قائمہ کمیٹی کے تیسرے اجلاس اور بیجنگ میں 14 فلسطینی گروہوں کے حالیہ اجلاس کی رپورٹ پیش کی اور ایران و چین کے درمیان سیاسی باہمی اعتماد کو دونوں ممالک کے باہمی تعاون کی مضبوط بنیاد قرار دیا۔ زونگ پی وو نے دونوں ممالک کے درمیان جامع تعاون کے منصوبے پر جلد عملدرآمد پر مبنی چینی حکومت کی خواہش پر تاکید کرتے ہوئے چینی صدر کی جانب سے نومنتخب ایرانی صدر مسعود پزشکیان کو ارسال کردہ مبارکبادی کے پیغام کی جانب اشارہ کیا اور زور دیتے ہوئے کہا کہ چین کی جانب سے ایک اعلی سطحی وفد اسلامی جمہوریہ ایران کے نومنتخب صدر کی تقریب حلف برداری میں شرکت کرے گا۔

اپنی گفتگو کے آخر میں زونگ پی وو نے دوطرفہ معاہدوں کو مزید آگے بڑھانے اور کثیر الجہتی تعاون کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینے کے لئے چینی حکومت کے پختہ عزم پر بھی تاکید کی۔


خبر کا کوڈ: 1150529

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1150529/چینی-حکومت-ایران-کیساتھ-جامع-تعاون-کے-معاہدے-پر-جلد-عملدرآمد-کی-خواہاں-ہے-زونگ-پی-وو

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com