QR CodeQR Code

غربت کا خاتمہ ہندوستان کی ترجیح ہونی چاہیئے، نریندر مودی

28 Jul 2024 20:59

بھارتی وزیراعظم نے کہا کہ ہندوستانی معیشت 2014ء میں دنیا کی 10ویں سب سے بڑی معیشت تھی اور 2024ء میں 5ویں سب سے بڑی معیشت بن جائیگی۔


اسلام ٹائمز۔ بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی نے راشٹرپتی بھون میں نیتی آیوگ کی 9ویں گورننگ کونسل کی میٹنگ کی صدارت کی۔ یہ میٹنگ مرکزی بجٹ میں امتیازی سلوک کے دعوؤں پر اپوزیشن کی برسراقتدار ریاستوں اور مرکز کے بیچ کشیدگی کے درمیان ہوئی ہے۔ تقریر کے دوران نریندر مودی نے بھارت کے لئے اپنے وژن کو واضح کرتے ہوئے کہا کہ ہر بھارتی 2047ء تک ایک ترقی یافتہ ملک کا خواب دیکھتا ہے اور اسے پورا کرنے میں ریاستوں کا اہم کردار ہے۔ اسی بیچ میٹنگ سے مغربی بنگال کی وزیراعلٰی ممتا بنرجی نامناسب رویے اور بولنے کے لئے ناکافی وقت کا حوالہ دیتے ہوئے میٹنگ سے واک آؤٹ کر گئیں۔ تاہم نیتی آیوگ کے سی ای او بی وی آر سبرامنیم نے کہا کہ مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی سمیت تمام وزرائے اعلیٰ کو بولنے کے لئے کافی وقت دیا گیا۔

سبرامنیم کے مطابق ہفتہ کو 10 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں نے اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا، جب کہ 26 وزرائے اعلیٰ اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے لیفٹیننٹ گورنرز موجود تھے۔ میٹنگ میں جن ریاستوں نے حصہ لیا، ان میں کیرالہ، تمل ناڈو، کرناٹک، پنجاب، ہماچل پردیش، جھارکھنڈ، تلنگانہ، بہار، دہلی اور پڈوچیری شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے ہفتہ کو لنچ سے پہلے بات کرنے کی درخواست کی تھی اور یہ درخواست قبول کر لی گئی تھی۔ اسی وقت وزیراعظم نے گذشتہ ایک دہائی میں ملک کی مسلسل ترقی پر روشنی ڈالی اور کہا کہ ہندوستانی معیشت 2014ء میں دنیا کی 10ویں سب سے بڑی معیشت تھی اور 2024ء میں 5ویں سب سے بڑی معیشت بن جائے گی۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ حکومت اور اہل وطن کا مشترکہ مقصد اب عالمی سطح پر تیسری بڑی معیشت بننا ہے۔


خبر کا کوڈ: 1150504

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1150504/غربت-کا-خاتمہ-ہندوستان-کی-ترجیح-ہونی-چاہیئے-نریندر-مودی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com